ایمبولینس کال آؤٹ، جان کے خطرے سے دوچار مریضوں کی تعداد میں تشویشناک اضافہ

August 14, 2022

لندن (وجاہت علی خان) این ایچ ایس انگلینڈ کو گزشتہ ماہ جان کو خطرات لاحق ہونے جیسے حالات کے لیے ایمبولینس کال آؤٹ کی سب سے زیادہ تعداد دیکھی گئیہے جو کہ 85ہزار سے زیادہ کیٹیگری ون کالز تھیں، جن میں دل کا دورہ پڑنے اور لوگوں کی سانسیں رکنے جیسی صورت حال تھی جو کہ گرمی کی شدیدلہر میں اضافے کی ایک وجہ ہو سکتی ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ ہسپتالوں کو پہلے ہی بہت زیادہ دباؤ کا سامنا ہے۔این ایچ ایس کے دہائیوں کے ریکارڈمیں یہ تعداد پہلے سے زیادہ ہے اعداد و شمار کے مطابق تقریباً 30ہزار مریضوں نے ہسپتال میں داخل ہونے کیلئے 12گھنٹے سے زیادہ انتظار کیا، یہ تعداد پچھلے مہینے کے مقابلے میں 33فیصد زیادہ ہے اور 2010 میں ریکارڈ شروع ہونے کے بعد سے سب سے زیادہ ہے۔ کنگز فنڈ کے چیف ایگزیکٹو رچرڈ مرے نے کہا ہے کہ صحت اور سماجی نگہداشت کے نظام میں ہسپتالوں پر شدید دباؤ بھی محسوس کیا جا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ جولائی کے آخر میں، 13,014لوگ طبی طور پر ڈسچارج ہونے کے باوجود ہسپتال کے بستر پر تھے۔ این ایچ ایس کو متاثر کرنے والے چیلنجوں کو سماجی نگہداشت کے مسائل کوحل کیے بغیر حل نہیں کیا جا سکتا۔ تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق 10میں سے6 مریضوں کو رخصت ہونے کیلئے تیار ہونے کے باوجود ہسپتال سے فارغ ہونے میں تاخیر کا سامنا کرنا پڑا اور جولائی میں اوسطاً 12,900مریضوں نے روزانہ ہسپتال میں ضرورت سے زیادہ وقت گزارا، یہ پچھلے مہینے کے مقابلے میں 11فیصد اضافہ ہے۔ تازہ ترین اعداد و شمار یہ بھی بتاتے ہیں کہ علاج کے لیے 18 ماہ سے زیادہ انتظار کرنے والے افراد کی تعداد کو کم کرنے میں پیش رفت ہوئی ہے،جون میں یہ تعداد 53,911 رہی جو کہ جنوری میں 75,992تھی، این ایچ ایس کے الگ الگ اعداد و شمار کے مطابق انگلینڈ میں معمول کی کارروائیوں کے لیے دو سال سے زیادہ عرصہ سال کے آغاز میں 22,500 سے کم ہو کر 200 سے بھی کم رہ گیا ہےلیکن 6.7 ملین لوگ ابھی تک انتظار کر رہے ہیں۔این ایچ ایس کے نیشنل میڈیکل ڈائریکٹر پروفیسر سر سٹیفن پووس نے کہا ہے حالانکہ کل بیک لاگ میں کچھ عرصے تک اضافہ ہوتا رہے گا، لیکن دو سال کے انتظار کو عملی طور پر ختم کرنے کے لیے ہم انتخابی نگہداشت پر کووِڈ کے اثرات سے نمٹنے کے لیے ایک موڑ مُڑ رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ چونکہ ملک کو گزشتہ ماہ کی ریکارڈ توڑ گرمی کی لہر کے بعد ایک اور بلند درجہ ہیٹ ویو کا سامنا ہے اس لیے یہ ضروری ہے کہ جو بھی شخص بیمار محسوس کرتا ہے وہ 111 آن لائن یا اپنی مقامی فارمیسی کے ذریعے مشورہ یا این ایچ سے سے رجوع کرے، اور 999 پر اُسی صورت کال کرے جب جان کا شدید خطرہ ہو۔