قومی اسمبلی اور سینیٹ سے منظور ہونے والا بل لاپتہ ہوگیا

August 14, 2022

اسلام آباد میں ضلعی انتظامیہ کے عدالتی اختیارات ختم کرنے سے متعلق سینیٹر عرفان صدیقی کے بل پر تاحال صدر کے دستخط نہیں ہوسکے، بل قانون نہیں بن سکا۔

ضابطہ فوجداری ترمیمی بل کو سینیٹ اور قومی اسمبلی منظور کرچکے ہیں، 23 مئی کو سینیٹ اور 8 جون کو قومی اسمبلی سے منظوری کے بعد سے بل لاپتہ ہے۔

سینیٹر عرفان صدیقی کا کہنا ہے کہ بل کا کوئی سراغ نہیں مل رہا کہ وہ کہاں ہے، 14 روز کے اندر صدر کو بل پر دستخط کرنا ہوتے ہیں۔

ایوان صدر کے حکام کا کہنا ہے کہ بل کے حوالے سے کوئی علم نہیں ہے۔

عرفان صدیقی نے کہا کہ بل کا لاپتہ ہوجانا آئین اور پارلیمنٹ کی توہین ہے، بل گمشدگی کا معاملہ سینیٹ میں اٹھاؤں گا، بل کو لاپتہ نہیں ہونے دوں گا۔

سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ اگر بل کے قانون بننے میں کوئی طاقتور لابی حائل ہے تو اسے بےنقاب کروں گا۔