چوہدری پرویز الہٰی کا صوبے میں گریجویشن تک تعلیم مفت کرنے کا اعلان

August 14, 2022

وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے صوبے میں گریجویشن تک تعلیم مفت کرنے کا اعلان کردیا۔

ایک بیان میں صوبے کے عوام کو چوہدری پرویز الہٰی نے 76ویں یوم آزادی پر بڑا تحفہ دے دیا۔

انہوں نے کہا کہ پہلے میٹرک تک تعلیم فری کی، اب گریجویشن تک تعلیم کو فری کریں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ خصوصی بچوں کے اداروں اور اسپورٹس سہولتوں میں اضافہ کریں گے۔

اُن کا کہنا تھا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے وطن کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا ہے، پاکستان کے خلاف کوئی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔

چوہدری پرویز الہٰی نے یہ بھی کہا کہ آرمی چیف کی قیادت میں پاک فوج نے ملک سے دہشت گردی کے خاتمے اور قیام امن کے لیے خدمات بخوبی انجام دیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے بےمثال جدوجہد کر کے الگ وطن حاصل کیا، اللّٰہ تعالیٰ نے ہمیں جنت نظیر ملک عطا کیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پاکستان کے لیے لاکھوں لوگوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، ہماری شناخت پاکستان سے ہے، یہ نہ ہوتا تو ہماری کوئی شناخت نہ ہوتی۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ وطن کو سنوارنے کے لیے اپنے اپنے حصے کا کام کریں۔

چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ اپوزیشن ہو، تاجر ہو، صنعتکار ہو، سیاستدان ہو یا کسی بھی شعبے میں کام کرنے والے افراد ہوں ہم سب کو اپنے ملک کو بہتر کرنے کے لیے محنت سے کام کرنا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہم سب کو بہت کچھ دیا ہے، اب ہم نے اس کا قرض اتارنا ہے، پاکستان کی وجہ سے آج ہم عزت اور مقام پر موجود ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ہمیں شہدائے کشمیر کو بھی نہیں بھولنا، جو اپنے لہو سے آزادی کی شمع روشن کیے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قائداعظم نے کہا تھا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، انشاء اللّٰہ وہ وقت دور نہیں جب کشمیر بنے گا پاکستان۔

چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ وطن کی حفاظت اور امن کی خاطر قربانیاں دینے والے سیکیورٹی فورسز و پولیس کے افسروں اور جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔