پٹرولیم اداروں کے ریگولر ایم ڈی کی تقرری میں تاخیر کا ذمہ دار کون؟

August 15, 2022

اسلام آباد (تجزیاتی رپورٹ:حنیف خالد) پاکستان انرجی کے بحران میں بری طرح پھنسا ہوا ہے‘ نہ تو پی ٹی آئی حکومت نے اور نہ ہی موجودہ حکومت نے تیل اور گیس تلاش کرنے والے قومی اداروں میں اصلاح احوال کیلئے ضروری ایکشن لیا ہے۔ آئل اینڈ گیس ڈیویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ اور پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ سرکاری شعبے کے ادارے ہیں مگر انکی تیل اور گیس کی پیداوار مسلسل گرتی چلی آ رہی ہے۔

انکے فنانشل سکینڈل باہر آتے جا رہے ہیں مگر اصلاح احوال کیلئے بااثر لابی کچھ نہیں کرنے دے رہی۔ پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ کی سالانہ گیس پیداوار کم و بیش 900ملین ملین کیوبک فٹ یومیہ سے کم ہو کر ساڑھے چھ سو ایم ایم سی ایف ڈی پر آ گئی ہے۔

دونوں قومی اداروں نے تین سے پانچ سالوں میں قدرتی گیس کا کوئی بڑا ذخیرہ دریافت نہیں کیا۔ او جی ڈی سی ایل ایک سال سے عارضی/ایکٹنگ منیجنگ ڈائریکٹر خالد سبحانی چلا رہے ہیں۔ جن کے مبینہ کنفلکٹ آف انٹرسٹ (Conflict of Interest)کا پتہ چلا ہے۔

خالد سبحانی اینگرو کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر رہ چکے ہیں اور او جی ڈی سی ایل اینگرو کو گیس فروخت کرتی ہے جبکہ پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ کے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر جو کم و بیش ساڑھے 3سال سے ایکٹنگ منیجنگ ڈائریکٹر کی سیٹ پر بیٹھے چلے آ رہے ہیں۔ اُنکے نائب ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر عابد اشفاق ملک ایف آئی اے کی درج کرائی گئی ایف آئی آر پر گرفتار کئے گئے اور تین ہفتے لانڈھی جیل میں رہے اور اب ضمانت پر جیل سے باہر ہیں۔ وہ 43ملین ڈالر کے فنانشل سکینڈل کے ملزم ہیں۔

ایکٹنگ منیجنگ ڈائریکٹر جنوری 2018ء سے اپنے عہدے کی معیاد میں اپنے اثرو رسوخ کے ذریعے کمپنی بورڈ کے فیصلے کروا کر چھ چھ ماہ کی توسیع لیتے چلے آ رہے ہیں۔ اُنکی معیاد میں توسیع آئین و قانون کے تحت وفاقی کابینہ سے منظور کرانا ضروری ہے ۔

قائم مقام منیجنگ ڈائریکٹر معین رضا گزشتہ سال اگست 2021ء میں ریٹائرڈ ہو گئے تھے‘ مگر عمران خان حکومت نے اُن کو چھ ماہ کی توسیع دیدی۔ 2018ء سے وہ چھ چھ ماہ کی توسیع اپنے اثرو رسوخ سے حاصل کر کے قائم مقام ایم ڈی کے عہدے پر ہیں۔ ان کیخلاف نیب ریفرنس آج بھی موجود ہے اور وہ ضمانت قبل از گرفتاری کئی سالوں سے کروا کر ایکٹنگ ایم ڈی کے عہدے پر فائز ہیں۔

22فروری 2022ء کو ایم ڈی/او این/سی آئی آر۔ 22۔2020ء انٹرنل آفس میمورنڈم پی پی ایل جنرل منیجر ہیومن ریسورسز محمد افضل صدیقی کے لیٹر کے ذریعے آجکل ایکٹنگ منیجنگ ڈائریکٹر ہیں اور انکی کم و بیش چھ ماہ کی توسیع آئندہ پیر 22اگست 2022ء کو ختم ہونے والی ہے۔