بحریہ ٹاؤن میں جشن آزادی اور ڈائمنڈ جوبلی کی پروقار تقریبات

August 15, 2022

اسلام آباد (حنیف خالد) بحریہ ٹائون اسلام آباد میں وطن عزیز کے قیام کی ڈائمنڈ جوبلی (75ویں سال) کی تکمیل پر 160فٹ بلند فلیگ پول پر قومی پرچم لہرانے کی پروقار اور حب الوطنی کے جذبے سے سرشار تقریب منعقد ہوئی۔ چیئرمین بحریہ ٹائون ملک ریاض حسین اور چیف ایگزیکٹو آفیسر علی ریاض ملک نے ڈائمنڈ جوبلی کی تقریبات منانے کیلئے خصوصی اہتمام کیا۔ بحریہ ٹائون اسلام آباد کے علاوہ جشن آزادی کے پرمسرت موقع پر بحریہ ٹائون کراچی میں بھی شاندار تقریبات کا انعقاد کیا گیا جن کا آغاز صبح ساڑھے دس بجے دنیا کے سب سے اونچے مخروطی فلیگ پول پر سبز ہلالی پرچم لہرا کر کیا گیا۔ بحریہ ٹائون اسلام آباد‘ بحریہ ٹائون لاہور‘ بحریہ ٹائون کراچی میں بھی مادر وطن کی ڈائمنڈ جوبلی سال پورا ہونے پر تمام عمارات‘ مساجد‘ پارکس‘ رائونڈ ابائوٹس اور مونومنٹس کو سبز ہلالی پرچموں اور سبز رنگ کے جدید برقی قمقموں سے سجا دیا گیا۔ سرشام شروع ہونے والی تقریبات میں عوام کی زبردست گہما گہمی دیکھنے میں آئی۔ بحریہ ٹائون کراچی‘ بحریہ ٹائون اسلام آباد اور بحریہ ٹائون لاہور میں فلیگ پول پر قومی پرچم لہرانے کے ساتھ ہی مارچ پاسٹ اور بینڈ پرفارمنس پیش کی گئی جبکہ اتوار کی رات کو بحریہ ٹائون راولپنڈی‘ بحریہ ٹائون لاہور اور بحریہ ٹائون کراچی میں جدید ترین عالمی معیار کا لائٹ شو پیش کیا گیا۔ ڈینزو میں اسپیشل یووی لائٹ شو ہوا۔ اگزونک اینمل اور میوزیکل شوز کا اہتمام کیا گیا جس سے بچے بڑے مرد خواتین اور فیملیاں بیحد لطف اندوز ہوئیں۔ ڈینزو میں موجود سفید شیر‘ لیپرڈ‘ ٹائیگر‘ بلیک ہیگور‘ نایاب نسل کے افریقی بندر‘ ہرن‘ زیبرے‘ زرافوں سے فیملیاں بیحد محظوظ ہوئیں۔ بحریہ ٹائون کے رینڈیوو کلب میں بھی آزادی تقریبات کا نعقاد کیا گیا جہاں بڑی تعداد میں فیملیوں نے آ کر انجوائے کیا۔ بحریہ ٹائون کراچی میں حال ہی میں قائم کردہ چرپی پارک میں لائٹ اور میوزک کے ساتھ برڈ شو پیش کیا گیا جو لوگوں کیلئے ایک یادگار اور منفرد تجربہ ثابت ہوا۔ بحریہ ڈانسنگ فائونٹین پر بھی سبز ہلالی پرچم لہرایا گیا اور ڈانسنگ فائونٹین شو کے ساتھ ساتھ بچوں کی پرفارمنس‘ لائیو سنگنگ‘ پیانو اور ڈرم پرفارمنس بھی پروگرام میں شامل کی گئیں۔