کوہ سلیمان میں طوفانی بارش، پہاڑ سے سیلابی ریلے، وسیع علاقے ڈوب گئے

August 15, 2022

اسلام آباد، کوئٹہ، قلعہ عبداللّٰہ(خبرایجنسیاں، اپنے نامہ نگار سے)بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارشوں اور سیلابی ریلوں کی تباہ کاریاں جاری ہیں.

کوہ سلیمان میں طوفانی بارش کے بعد پہاڑسے نکلنے والےسیلابی ریلوں میں وسیع علاقے ڈوب گئے.

چھتیں اور دیواریں منہدم ، رابطہ سڑک بحال نہ ہونے سے درجنوں خاندان سیلابی پانی میں محصور،متعددافرادسیلابی ریلوں کی نذر، توبہ اچکزئی میں6مقامات پر اونچے درجے کا سیلاب، کیچ اور گوادر میں الرٹ جاری ، امدادی سرگرمیاں شروع، مزید بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

لیویز حکام کا کہنا ہے کہ کوہلو میں تنگا ندی کا سیلابی ریلہ کلی نہال خان میں داخل ہوگیا ، شاہیجہ آباد میں مکانات کی چھتیں اور دیواریں گر گئیں، شہر کے وسطی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہوا ہے.

مقامی مدرسے میں پانی داخل ہونے کے سبب طلبہ کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا، کوہلو کوئٹہ قومی شاہراہ پر مختلف مقامات پر ٹریفک کی آمدورفت متاثرہوگئی.

طوفانی بارش اور سیلاب کے سبب جشن آزادی کی مرکزی تقریب ملتوی کردی گئی، ڈیرہ بگٹی میں شہر اور نواحی علاقوں میں بارشوں کے سبب نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں، توبہ اچکزئی میں 6 مقامات پر اونچے درجے کا سیلاب گزر رہا ہے، گزشتہ شب ریلے میں بہہ جانیوالے دو افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں، ایک گاڑی سیلاب میں بہہ گئی تاہم مسافر محفوظ رہے۔