شہریوں کو پولیس سے متعلقہ سروسز کی با آسانی فراہمی اولیں ترجیح ،آئی جی

August 16, 2022

لاہور(کرائم رپورٹر )انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب فیصل شاہکار نے کہاہے کہ پولیس کا مستقبل آئی ٹی بیسڈ پولیسنگ ہے اور شہریوں کو پولیس سے متعلقہ سروسز کی با آسانی فراہمی اولیں ترجیح ہے۔ آئی جی پنجاب نے پنجاب پولیس کی آئی ٹی برانچ کو ٹاسک دیا کہ پنجاب پولیس کے آئی ٹی منصوبوں اور موبائل ایپلی کیشز کی فوری طور پر انٹی گریشن کی جائے۔انھوں نے کہا کہ فورس میں نئے بھرتی ہونے والے اہلکار و افسران کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کے استعمال پر خصوصی ٹریننگ دی جائے۔یہ ہدایات انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں اجلاس کی صدارت کے دوران آئی ٹی پراجیکٹس کی ورکنگ کا جائزہ لیتے ہوئے جاری کیں۔ دوران اجلاس ڈی آئی جی آئی ٹی احسن یونس نے آئی جی پنجاب کو جدید پولیسنگ، جرائم کنٹرول اور سروس ڈلیوری کی فراہمی بارے آئی ٹی پراجیکٹس بارے بریفنگ دی۔