یوم آزادی پر پاکستانی سفارتخانہ ویانا میں پرچم کشائی کی تقریب

August 17, 2022

ویانا (اکرم باجوہ) سفارت خانہ پاکستان میں وطن عزیز کے 75ویں یوم آزادی کے موقع پرقائم مقام سفیرِ پاکستان ڈپٹی ہیڈ آف مشن عدیل احمد خان آفریدی کی زیر سرپرستی پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیاگیا۔ آسٹریا بھر سے پاکستانی کمیونٹی نے تقریب میں شرکت کرکے دیار غیر میں پاکستان کے ساتھ اپنی محبت کا اظہار کیا۔اسٹیج سیکرٹری کے فرائض تھرڈ سیکرٹری حسن عباس نے ادا کیے،تقریب کا آغاز منظور ریاض بٹ کی تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا ، قائم مقام سفیرِ پاکستان عدیل احمد خان آفریدی نے قومی پرچم لہرا یا ، قومی سبز ہلالی پرچم ہوا میں بلند ہوا تو تقریب پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی ۔ صدر پاکستان عارف علوی کا قوم کے نام پیغام قائم مقام سفیرِ پاکستان عدیل احمد خان آفریدی نے پڑھ کر سنایا اور وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان میاں شہباز شریف کا 75 ویں یوم آزادی کے موقع پر قوم کے نام پیغام قونصلر عامر سعید نے پڑھ کر سنایا گیا ۔انہوں نے بانیان پاکستان کی شاندار جدوجہد اور قائداعظم کی دور اندیشی اور مدبرانہ قیادت کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے پاکستان کو ایک جمہوری ترقی پسند اور ترقی پسند اسلامی ملک کے طور پر تعمیر کرنے کے لیے قائداعظم کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے قوم کے عزم کا اعادہ کیا۔ جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کے ساتھ ساتھ اپنے عوام اور مسلح افواج کے عزم اور لچک کے ذریعے دہشت گردی کو شکست دینے میں اس کی کامیابیوں کو بھی اجاگر کیااور کشمیری قوم کو اپنی سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کا عہد کیا ۔ بعد ازاں پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے دعا کی گئی۔تقریب کے اختتام پر قائم مقام سفیرِ پاکستان عدیل احمد خان آفریدی نے حاضرین شرکا اور سفارت خانہ پاکستان سٹاف کے ساتھ مل پاکستان کی 75 ویں یوم آزادی کا کیک کاٹا، کیک کاٹتے ہوئے پاکستانی کمیونٹی نے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے ۔