خوست کے احتجاجی دھرنے میں شریک مظاہرین کےمطالبات تسلیم کیے جائیں، پشتونخوا میپ

August 17, 2022

کوئٹہ( پ ر) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی سینئر نائب صدر محمد عیسیٰ روشان، صوبائی ڈپٹی سیکرٹری فقیر خوشحال کاسی ، ضلع پشین کے ضلعی ڈپٹی سیکرٹری حاجی عبدالحق ابدال نے خوست کے مقام جاری احتجاجی دھرنے میں شرکت کی۔ اس موقع پر صوبائی سینئر نائب صدر محمد عیسیٰ روشان نے احتجاجی دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے خالقداد خان بابڑ کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ان کی قربانی اپنے مظلوم عوام کی آزادی ، ترقی وخوشحالی کیلئے تھی ۔ انہوں نے کہا کہ ہرنائی ضلع کے تمام علاقوں میں فورسزنے عوا م کو یرغمال بنا رکھا ہے ہر علاقے میں چیک پوسٹیں بناکر اور علاقے کے تمام سرکاری عمارات پر قبضہ کرکے انہیں اپنی چوکیوں میں تبدیل کردیاہے اور روزانہ بھتہ خوری کے ذریعے لاکھوں روپے اکھٹا کرتے ہوئے مزید قبضے کرنے اور غریب لاچار عوام کواپنے ہی گھروں وعلاقے سے بیدخل کرنے میں مصروف ہے اور نام نہاد دہشتگردی کے بہانے ہر سطح پر عوام کی تضحیک کی جارہی ہے۔گزشتہ روز کے واقعہ میں فورسز نے بلاجواز غریب عوام پر فائرنگ کرکے اور مختلف گھروں پر گولے فائرکرکے خالقداد خان بابڑ کو شہید اورمعصوم بچے سمیت 7افراد کو زخمی کردیا گیا اور پھر زخمیوں کو علاج ومعالجے کیلئے لیجانے کی اجازت بھی نہیں دی جارہی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز دہشتگردوں کے نام نہاد دعوے اور جھوٹے دروغ گوئی پر مبنی ہیں ۔ہرنائی سمیت ان کے تمام علاقوں اور ضلع زیارت پر مکمل قبضہ کرکے اْن میں موجود معدنی وسائل کو لوٹنے کی راہ پر گامزن ہے۔ اور ہرنائی سمیت ضلع زیارت میں سول انتظامیہ کے تمام اختیارات کو سلب کرکے درحقیقت منی مارشلاء نافذ کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ وفاقی اور صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ خوست کے احتجاجی دھرنے میں شریک مظاہرین کے تمام مطالبات فوری طور پر تسلیم کیے جائیں اور سیکورٹی فورسز کو تمام علاقوں سے فوری طور پر نکال کر اپنے قلعوں تک محدود کیا جائے اور انہیں ضلعی ڈپٹی کمشنر کے ماتحت پابند کیا جائے۔