عمران خان کی ایڈیشنل چیف سیکرٹری، آئی جی پنجاب کو احکامات دینا افواہ ہے، فرخ حبیب

August 17, 2022

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فرخ حبیب کا کہنا ہے کہ شہباز گل سے متعلق عمران خان کی جانب سے ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب کو احکامات دینا افواہ ہے۔

اپنے بیان میں فرخ حبیب نے کہا کہ تحریک انصاف شہباز گل کے معاملے پر قانونی چارہ جوئی میں مصروف ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ کسی غیر قانونی عمل پر یقین نہیں رکھتے۔

واضح رہے کہ شہباز گل کے جسمانی ریمانڈ کے معاملے پر سابق وزیر اعظم عمران خان نے پنجاب حکومت کو احکامات جاری کیے تھے۔

عمران خان نے ایڈیشنل چیف سیکریٹری اور آئی جی جیل خانہ جات کو احکامات جاری کیے۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے حکم دیا کہ ایمرجنسی پیدا کرکے شہباز گل کو فوری راولپنڈی کے کسی سرکاری اسپتال بھیج دیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کو بتایا گیا کہ یہ غیر قانونی ہے، عمران خان کو یہ بھی بتایا گیا کہ ایسا نہیں کیا جاسکتا۔

ذرائع نے مزید دعویٰ کیا کہ سابق وزیر اعظم عمران خان نے اصرار کیا نتائج کچھ بھی ہوں ایسا کیا جائے۔