نوجوان ہمارامستقبل ہیں، پاکستان میں جلد خوشحالی آئے گی، احمد فاروق، کوپن ہیگن میں تقریب

August 18, 2022

کوپن ہیگن (جنگ نیوز) ڈنمارک کے شہر کوپن ہیگن پاکستان ایمبیسی میں پاکستان کی 75یومِ آزادی انتہائی جوش وجذبے سے منائی گئی ۔تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت شریف سے سے ہوا ، اس کے بعد سفیر پاکستان احمد فاروق نے قومی ترانے کی گونج میں قومی پرچم لہرایا۔ اس موقع پر سفیر پاکستان اور فرسٹ سیکرٹری ڈاکٹر شمعیلہ عثمان نے صدر اور وزیراعظم پاکستان کے قوم کے نام پیغامات پڑھ کر سنائے۔سفیر پاکستان احمد فاروق نے پاکستانی کمیونٹی سے اپنے خطاب میں پاکستان کی پچہتر سال یومِ آزادی کے موقعہ پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آج اتنی بڑی تعداد میں بزرگوں، بچوں، خواتین اور بالخصوص نوجوان نسل کو میں ادھر دیکھ کر انتہائی خوشی محسوس کر رہا ہوں یہ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں ان نوجوانوں نے ڈنمارک میں بھی اپنی اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ہر شعبے میں کامیابی کے ساتھ کام کررہے ہیں اور ہمارے ساتھ مل کر پاکستان کی ترقی میں بھی اپنا حصہ ڈالنے کی کوشش کرتے رہتے ہیں ان کی اتنی بڑی تعداد میں یہاں موجود ہونا خوشی کا باعث ہے۔ان کے بزرگوں نے ڈنمارک میں آکر اپنی محنت اور نیک نیتی سے کام کیا اور دنیا میں آج ڈنمارک کا جو مقام اور بہترین معاشی ترقی ہیں یہ ان کی محنت کا نتیجہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک آزاد ملک ہےاور آزاد رہنے کے لئے وجود میں آیا دنیا میں ہر قوم پر معاشی اونچ نیچ آتی رہتی ہیں آج اگر پاکستان معاشی طور پر مشکلات کا شکار ہیں تو وہ دن دور نہیں جب ہم سب مل کر پاکستان کو خوشحالی کی طرف لے کر جائیں گے ۔ تمام اداروں کا احترام اور پاکستان کے لئے نوجوانوں کی قربانیوں کو پوری قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس دفعہ خصوصی طور پر بچوں کے پروگرام بھی ترتیب دیے گئے ہیں۔ سفیر پاکستان نے تمام آنے والے مہمانوں اور بالخصوص ڈنمارک کے دوسرے شہروں آروس اور اوڈنسے سے آنے والے پاکستانیوں کے ساتھ ساتھ پاکستانی کمیونٹی کے ان افراد جنہوں نے کھانے کا بندوست کیا ان کا بھی شکریہ اداکیا، انہوں نے خصوصی طور پر اس پروگرام کو کامیاب کرنے میں مسز احمد فاروق اور سفارت خانہ کی پوری ٹیم کی انتھک محنت اور کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے ان کو مبارکباد دی ۔اس دفعہ اتوار کی چھٹی کی وجہ سے ایک بڑی تعداد جن میں ہر مکتبہ فکر کے لوگ موجود تھے جو ایمبیسی کی طرف سے پاکستان ہاؤس میں منعقد 75 یومِ آزای بڑے جوش وجذبے سے منارہے تھے ۔شرکاء ہاتھوں میں پاکستان کے پرچم لہراتے ہوئے پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگاتے رہے۔ چھوٹے چھوٹے بچوں نے پاکستان کے متعلق سوالات کے جوابات دے کر انعام حاصل کیے۔ تقریب میں ظفر شیخ اوردیگر فنکاروں نے ملی نغمے کی گونج میں خوب داد وصول کی ۔تقریب میں شرکت کے لئے ے یو کے کی سیاسی ، سماجی شخصیت اور لیبر پارٹی کرالی کے سینئررہنما امین مرزا گوجرخانوی خصوصی طور پر آئے اور سفیر پاکستان سے ملاقات بھی کی۔