بانیان پاکستان کے وژن کے مطابق مادر وطن کو خوشحال بنائیں گے، سید زاہد رضا

August 18, 2022

گلاسگو (طاہر انعام شیخ) اسکاٹ لینڈ میں پاکستان کا75واں ڈائمنڈ جوبلی جشن آزادی قومی و ملی جذبے کے ساتھ پرجوش انداز سےمنایا گیا، دن کا آغاز مساجد میں پاکستان اور اس کے عوام کیلئے خوش حالی کی دعائوں سے ہوا۔ دن 11بجے پاکستان قونصلیٹ گلاسگو میں پروقار تقریب منعقد کی گئی جس میں پورے اسکاٹ لینڈ سے رہنمائوں نے شرکت کی۔ قونصل جنرل پاکستان سید زاہد رضا نے قومی ترانے کی گونج میں پاکستان کا پرچم لہرایا اور صدر اور وزیراعظم پاکستان کے بیانات پڑھ کر سنائے، سید زاہد رضا نے کہا کہ وطن عزیز کی ڈائمنڈ جوبلی کے موقع پر ہمیں ایک بار پھر مل کر پختہ عہد کرنے کی ضرورت ہے کہ ہم بانیان پاکستان کے ویژن کے مطابق مادر وطن کو امن، ترقی و خوشحالی کا گہوارہ بنائیں گے۔ سید زاہد رضا نے اسکاٹ لینڈ اور بیرون ملک مقیم تمام پاکستانیوں سے کہا کہ وہ جس ملک میں بھی ہیں، اس کی تعمیر ، ترقی و خوشحالی میں بھرپور حصہ لیں، اس سے آپ کے آبائی وطن پاکستان کا نام بھی بلند ہوگا، سید زاہد رضا نے کہا کہ خوشی کے موقع پر ہم مقبوضہ کشمیر میں محکوم ان بھائیوں کو نہیں بھول سکتے جو گزشتہ 75سال سے صرف اپنا حق خودارادیت مانگنے پر بھارتی افواج کے بہیمانہ ظلم و ستم کا شکار ہیں، انہوں نے بھارت کی طرف سے تین سال قبل اگست2019ء کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت کو ختم کرنے اور اسے بھارتی اسٹیٹ یونین کا حصہ بنانے کی شدید مذمت کی۔ گلاسگو کی لارڈ پروسٹ کونسلر جیکولین میکلرن نے کہا کہ گلاسگو اور لاہور جڑواں شہر ہیں اور دونوں مختلف شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ قریبی تعاون کررہے ہیں، انہوں نے گلاسگو میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی زبردست تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ اسکاٹ لینڈ کی ترقی میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ ممتاز ادبی و سماجی شخصیت راحت زاہد نے نظامت کے فرائض انجام دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں نئی نسل کو قیام پاکستان کے مقاصد سے آگاہ کرنے کی ضرورت ہے، پاکستان کی بنیادوں میں لاکھوں شہیدوں کا خون شامل ہے۔ تقریب میں پاکستان کے حق میں زبردست نعرے بھی لگائے گئے، جشن آزادی کے اس پروگرام میں اسکاٹش ہیلتھ سیکرٹری حمزہ یوسف، اسکاٹش لیبر پارٹی کے چیئرمین انس سرور اور بیلی کونسلر حنیف راجہ کے علاوہ دیگرشخصیات نے شرکت کی۔