APPS کا پاکستان کے یوم آزادی پر فیملی فیسٹیول، ڈاکٹرز اور فزیشنز کی شرکت

August 18, 2022

برمنگھم/ ٹیلفورڈ (آصف محمود براہٹلوی) پاکستان کے مثبت اور روشن چہرے کو عالمی افق پر اجاگر کرنے کیلئے ہمیں اپنی صلاحیتیں بروئے کار لاتے ہوئے کردار ادا کرنا ہوگا۔وطن عزیز پاکستان کا 75واں یوم آزادی اس لحاظ سے بھی منفرد ہے کہ یہ تجدید عہد کا دن ہے، پاکستان کی ثقافت، کلچر، روایات، فنون لطیفہ کو دنیا کے سامنے لانا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار ایسوسی ایشن آف پاکستانی فزیشن اینڈ سرجن برطانیہ کے زیراہتمام پاکستان کے 75ویں یوم آزادی کی مناسبت سے منعقدہ گرینڈ فیملی فیسٹیول سے مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ گرینڈ فیملی فیسٹیول میں پانچ ستارہ کھانا، فائیو کورس میل، لائیو باربی کیو، کورن آن کب، پاکستانی فلیگ، فائر ڈانس، ہیلی کاپٹر فلیگ ریزنگ، بگیز، کائٹ فلائی فیک اور دیگر بے شمار فنکشن تھے۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، ڈاکٹر یونس پرواز نےتلاوت کرنے کی سعادت حاصل کی۔ اس پررونق تقریب کے مہمان خصوصی ہائوس آف لارڈ کے رکن لارڈ قربان حسین، پاکستان ہائی کمیشن لندن کے سیاسی امور کے اتاشی محمد حسن، ڈاکٹر عثمان خان صدر APPS برطانیہ تھے ،یہ شخصیات جب ہال میں داخل ہوئیں تو ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ تقریب میں برطانیہ بھر سے پروفیشنلز اور نیشنل ہیلتھ سروس سے تعلق رکھنے والوں نے فیملی کے ہمراہ شرکت کی۔ ڈاکٹر ایاز، ڈاکٹر غلام عباس، ڈاکٹر صائمہ ناز، ڈاکٹر کنول، ڈاکٹر شاہد لطیف برٹش پاکستانی سائیکاٹرک ایسوسی ایشن ، ڈاکٹر عرفان اختر نے APPNE کی نمائندگی کی۔ اس موقع پر APPS کی تنظیم کے انتخابات میں کامیاب ہونے والوں نے حلف لیا۔ لارڈ قربان حسین نے اظہار خیالات کرتے ہوئے کہا کہ 75 سال قوموں کی زندگی میں اتنا لمبا عرصہ نہیں ،ہم اگراس عرصہ میں سائوتھ ایشین ریجن میں ایٹمی طاقت بن گئے ہیں تو وہ وقت بھی دور نہیں جب ہم سی پیک کی کامیابی کے بعد اقتصادی طاقت بھی حاصل کریں گے۔ میزبان ڈاکٹر عثمان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی رنگین ثقافت کو دنیا بھر میں اجاگر کرنے کی ضرورت ہے اور اس فیسٹیول میں کوشش کی گئی ہےکہ پاکستان کی ثقافت دنیا کو دکھائیں، فیسٹیول میں مختلف اسٹال لگا کر آنے والے مہمانوں کو پاکستان کا کلچر دکھایا گیا۔ ڈاکٹر ایاز، ڈاکٹر غلام عباس نے کہا کہ ہم پر دوہری ذمہ داری عائد ہوتی ہے ایک تو یہ کہ یہ ہمارا پروفیشنل کیریئر ہے، دوسرا ہم اپنے ملک سفیر ہیں۔ڈاکٹر کاشف چوہان صدر NODFA ،ڈاکٹر خان، ڈاکٹر صوفیا اور دیگر نے بھی خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر پاکستان اور برطانیہ کے قومی ترانے پیش کئے گئے۔ ڈاکٹر صائمہ، ڈاکٹر کنول کاکہنا تھا ہمیں حب الوطنی کو نوجوان نسل میں منتقل کرنا ہوگا۔ روایتی تقریبات سے یہ ایک فیملی فن ڈے ہے جس میں بہت لطف آیا اور اسے بچوں نے بے حد پسند کیا، ہیلی پیڈ سے APPS ٹیم نے غباروں کے ذریعے قومی ترانے اور تالیوں کی گونج میں قومی پرچم فضا میں بلند کیا تو فضا پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی، ڈاکٹر شاہد لطیف ، ڈاکٹر عرفان کا کہنا تھا اس طرح کی تقریبات نوجوان نسل کو وطن کے ساتھ جوڑنے کیلئے ناگزیر ہیں۔ آج وطن سے جڑی یادیں تازہ ہوگئیں اور ایک نیا جذبہ پروان چڑھا ہے۔فیسٹیول میں شریک خواتین نے پاکستان کے جھنڈے کی مناسبت سے لباس زیب تن کئے، ننھے بچے جھنڈیاں لہراتے رہے۔