روسی بحریہ کو ہائپر سونک میزائل سے مسلح کرنے کا اعلان

August 18, 2022

ماسکو(نیوزڈیسک)روسی صدر ولادی میرپیوٹن نے نیوی ڈے کے موقع پر سینٹ پیٹرز برگ میں ہونے والی ایک تقریب کے دوران اس بات کا اعلان کیا کہ روسی بحریہ کو جلد ہائپر سونک میزائل فراہم کر دیے جائیں گے۔ ہائپر سونک میزائل آواز سے بھی 5گنا تیز رفتار ہوتے ہیں۔ روسی صدر کے مطابق یہ میزائل انہی علاقوں میں تعینات کیے جائیں گے، جہاں روسی مفادات کی حفاظت ضروری ہے۔ بیان کے مطابق یہ میزائل آئندہ چند ماہ کے اندر اندر روسی بحریہ کو فراہم کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا جائے گا۔ روسی صدر نے اس بات کا بھی اعلان کیا کہ ایڈمرل گورِش کوف ان طاقتور ہتھیاروں کے ساتھ اپنی جنگی فرائض سر انجام دینے والے پہلے افسر ہوں گے۔ صدر پیوٹن نے مزید کہاکہ سب سے اہم بات یہ ہے کہ اب روسی بحریہ تمام مخالفین کو بجلی کی رفتار سے جواب دینے کے قابل ہےتاہم انہوں نے اپنی اس تقریر میں یوکرین کا براہ راست ذکر کرنے سے اجتناب کیا۔ واضح رہے کہ زرکون نامی روسی ہائپرسونک کروز میزائل دنیا میں منفرد خیال کیے جاتے ہیں۔ روس نے ہائپر سونک میزائل کا پہلا کامیاب تجربہ 2018ء میں کیا تھا۔