آسٹریلیا اور جرمنی کی چین کیخلاف فوجی مشقیں

August 18, 2022

برلن (نیوز ڈیسک) ہند بحرالکاہل میں چین کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران آسٹریلیا اور جرمنی نے مشترکہ فوجی مشقیں شروع کردیں۔ جرمنی نے مشترکہ عسکری مشقوں کے لیے اپنے 13جنگی طیارے بھیجے ہیں۔ جرمن فضائیہ کی جانب سے یہ اپنی نوعیت کی سب سے بڑی تعیناتیوں میں سے ایک ہے۔ ان مشقوں کو واضح طور پر چین کے خلاف طاقت کے مظاہرے کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔ پچ بلیک نامی جنگی مشقوں میں جاپان اور جنوبی کوریا بھی شرکت کر رہے ہیں۔جرمن وزیر دفاع کرسٹینا لامبریشٹ نے یوکرین پر روسی حملے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہماری توجہ واضح طور پر مشرق کی طرف ہے۔ تاہم ہمیں اپنی توجہ دوسرے علاقوں کی جانب بھی مرکوز کرنی چاہیے۔اس کے لیے گزشتہ روز 6یورو فائٹر جیٹ طیاروں نے جنوب مشرقی جرمن ریاست باویریا کے ایک فوجی اڈے سے اڑان بھری۔ اس سے پہلے اے 330 ٹینکرز اور چار اے 400 ایم ٹرانسپورٹر کولون سے روانہ ہوئے تھے۔ جرمن فضائیہ کے سربراہ انگو گرہارٹز نے کہا کہ 3دن کی ان مشقوں کے دوران تقریباً 200 بار پائلٹ فضا میں دوران پرواز اپنے طیاروں میں ایندھن بھرنے کی مشقیں کریں گے۔ اس دوران یہ طیارے مختصر وقت کے لیے جاپان اور جنوبی کوریا کے فضائی اڈوں پر بھی رکیں گے۔ یاد رہے کہ 2018 ء میں برلن حکومت نے ہندبحرالکاہل میں اپنا کردار ادا کرنے سے متعلق عہد کیا تھا