امریکہ کے جنگلات میں آتشزدگی، سیکڑوں افراد کا انخلا

August 18, 2022

واشنگٹن/ لزبن ( نیوز ڈیسک) یورپ میںشدید گرمی اور جنگلات کی آگ نے تباہی مچانے کے بعد امریکا کا رخ کر لیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق امریکی ریاست مونٹانا کے جنگلات میں آگ لگ جانے کے باعث متاثرہ علاقوں میں گھرخالی کروا لیے گئے۔ امریکی ریاست مونٹانا میں جنگل میں لگی آگ نے 10ہزار ایکڑ سے زائد رقبے کو اپنی لپیٹ میں لے لیاہے۔ مقامی حکام نے آگ کی وجہ سے متاثرہ علاقوں میں شہریوں کو گھر خالی کرنے کی ہدایت کردی ہے،جب کہ شہریوں کے انخلا کے لیے خصوصی ٹیمیں بھی کام کررہی ہیں۔ مقامی میڈیا کے مطابق دھویں کے بادلوں کی وجہ سے پروازیں تعطل کا شکار ہیں۔ آگ پر قابو پانے کے لیے فائر فائیٹرعملے کے ساتھ طیاروں کا استعمال بھی کیا جارہا ہے۔ دوسری جانب پرتگال میں گرم موسم اور تیز ہواؤں نے ایک بار پھر جنگل میں آگ لگا دی،جس کے باعث دارلحکومت لزبن کا 33کلومیٹر سے زائد رقبہ آگ کی لپیٹ میں آ گیاہے۔ حکام نے مقامی افراد کو گھر خالی کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ ادھر آگ پر قابو پانے کے لیے ریسکیو ٹیمیں امدادی کارروائیوں میں حصہ لے رہی ہیں۔ یاد رہے کہ 2ہفتے قبل بھی یورپ کے دیگرممالک کی طرح پرتگال کے جنگلوں میں گرمی کی شدت کی وجہ سے آگ بھڑک اٹھی تھی۔