4 سالوں کیلئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے فیوچر پروگرام کا اعلان، ICC کے 10 ارکان کی ٹیمیں پاکستان کا دورہ کریں گی

August 18, 2022

لاہور،کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئندہ 4سالوں کے لئے قومی ٹیم کے فیوچر ٹور پروگرام کا اعلان کردیا، ICCکے 10ارکان کی ٹیمیں پاکستان کا دورہ کریں گی، انگلینڈ، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ، سری لنکا کے علاوہ بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں ٹیسٹ سیریز کھیلنے پاکستان آئیں گی ۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق سال 2023 سے2027کے دوران آئی سی سی فل بورڈز کے 12 میں سے10ارکان کی ٹیمیں پاکستان کا دورہ کریں گی۔اس دوران انگلینڈ، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ، سری لنکا جیسے مضبوط حریفوں کے علاوہ بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں ٹیسٹ سیریز کھیلنے پاکستان آئیں گی جبکہ افغانستان، آسٹریلیا، آئرلینڈ اور زمبابوے کی ٹیمیں محدود طرز کی کرکٹ کے لئے دورہ کریں گی۔دوسری جانب پاکستان، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ پر مشتمل دو سہ ملکی کرکٹ سیریز بھی فروری 2025 میں کھیلی جائے گی جبکہ دوسری سیریز میں انگلینڈ اور سری لنکا کی ٹیمیں پاکستان کے مد مقابل آئیں گی۔2023سے 2027تک قومی ٹیم 27ٹیسٹ ،47ون ڈے اور 56ٹی 20میچز کھیلے گی،2023میں ایشیا کپ اور 2025میں چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی بھی پاکستان کرے گا۔پی سی بی نے آئندہ 4سالوں کے لئے پی ایس ایل کے عارضی شیڈول کا بھی اعلان کر دیا،2024اور 2027میں پاکستان سپر لیگ جنوری اور فروری میں ہوگی۔ چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کے باعث 2025میں پاکستان سپر لیگ مارچ اور مئی کروائی جائے گی، 2026میں پی ایس ایل دسمبر اور جنوری میں منعقد ہوگی۔