ڈرامہ سیریل ”گڈو“ کا ”آج“جیو ٹی وی سے آغاز

August 18, 2022

کراچی (جنگ نیوز) جیو ٹیلی ویژن کے ناظرین کی دلچسپیوں کیلئے حساس موضوع اور جذباتیت پر مبنی ”سیونتھ اسکائی انٹرٹینمنٹ“ کا نیا ڈرامہ سیریل ”گڈو“ جمعرات 18 اگست سے روزانہ شام 7 بجے ”جیو ٹی وی“ سے نشر کیا جائے گا۔ رخسانہ نگار کے قلم سے تحریر کردہ حساس موضوع کی جذباتی منظر کشی عرفان اسلم کی ہدایات میں کی گئی ہے۔ ننھے کردار ”گڈو“کے ارد گرد گھومتی اس کہانی میں گھر کا ناساز گارماحول جب معصوم ذہن پر انداز ہوگا تو گھر کی چار دیواری میں ستم کرنے والوں سے گڈو فرار ہوجائے گا۔ اپنا سائبان چھوڑ کر سڑکوں پر رُلتے معصوم گڈو کے جذبات نے پروموشن سے ہی ناظرین کو اشکبار کردیا ہے۔ دِل چھو لینے والی اس کہانی میں اور کتنے نشیب و فراز آئیں گے اور پروڈیوسرز عبداللہ کادوانی و اسد قریشی کی اس پیشکش میں ”گڈو“ پر ڈھائی گئی زیادتوں کا احساس کیسے کیا جائے گا؟۔ یہ سارا احوال اس کہانی میں سامنے لایا جائے گا۔ ڈرامے کی کاسٹ میں علی عباس، فاطمہ آفندی، فلک شہزاد، سہیل سمیر، کنزہ ملک، کنول خان، سلیم معراج، مدیحہ رضوی، بابر خان، ٹیپو شریف، حمیرہ بانو، راشد فاروقی، زین افضل، صائمہ خان اور دیگر شامل ہیں۔