حجاج کرام کی وطن واپسی، پاکستان میں پوسٹ حج آپریشن مکمل

August 18, 2022

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) جناح ٹرمینل پر بعد از حج آپریشن مکمل ہوگیا،حج آپریشن کے تحت 17976حجاج کرام جدہ اور مدینہ سے کراچی پہنچےمجموعی طور پر 140پروازیں آپریٹ کی گئیں۔ ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق پوسٹ حج آپریشن 14 جولائی کو شروع ہوا اور 11اگست کو مکمل ہوا،۔ترجمان کے مطابق بعد از حج آپریشن کے دوران قومی و دیگر ائیرلائن سمیت دیگر نے 140 پروازیں آپریٹ کیں،پی آئی اے نے 25،ائر بلیو نے 10،سیرین نے4،سعودی ائیر نے 28 اور دیگر متفرق ائیرلائنز نے 73 پروازیں آپریٹ کیں۔سول ایوی ایشن کے مطابق قبل ازحج آپریشن کراچی ائرپورٹ پر 8 جون کو شروع ہوا جبکہ 9 جولائی کو اختتام پذیر ہوا تھا،حجاج کرام کی وطن واپسی پر کوویڈ کے تناظر میں رییپیڈ انٹیجن ٹیسٹ کو لازمی قراردیا گیا تھا،اس کے باوجود تمام آپریشن معمول کے مطابق رہا اور حجاج کرام کو کسی قسم کی دشواری نہیں ہوئی،بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے پی آئی اے سمیت تمام ائرلائنز کو اضافی عملہ تعینات کرنے کی ہدایات دی گئی تھیں۔