حلیم عادل شیخ کی ضمانت منسوخ، جیل بھیجنے کا حکم

August 18, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر)اینٹی انکروچمنٹ کی عدالت نے اپوزیشن لیڈر سندھ حلیم عادل شیخ کی ضمانت منسوخ کرتے ہوئے جیل بھیجنے کا حکم دے دیا ۔ عدالت نے 8 ستمبر کو دوبارہ پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔ عدالتی حکم پر حلیم عادل شیخ کا بیان قلمبند کرلیا گیا۔ اینٹی انکروچمنٹ کی عدالت میں اپوزیشن لیڈر سندھ حلیم عادل شیخ کے خلاف سرکاری زمین پر قبضے سے متعلق مقدمے کی سماعت ہوئی۔ اینٹی انکروچمنٹ حکام نے بتایا کہ حلیم عادل شیخ پر سرکاری زمین پر قبضہ کا الزام ہے۔ ملزم حلیم عادل شیخ تحقیقات میں شامل نہیں ہورہے ہیں۔ 12 نوٹسز کے باوجود حلیم عادل شیخ بیان ریکارڈ کرانے نہیں آئے۔ جس کے بعد عدالت نے فریقین کے دلائل سن کر حلیم عادل شیخ کی ضمانت منسوخ کردی۔ ضمانت منسوخ ہونے پر اینٹی انکروچمنٹ پولیس نے حلیم عادل شیخ کو گرفتار کرنے کی کوشش کی تو وکلا نے روک دیا۔ وکلا کا کہنا تھا کہ آپ لوگ کمرہ عدالت میں گرفتار نہیں کرسکتے۔