عمران خان نے شہباز گل کے حوالے سے احکامات نہیں دیئے، فرخ حبیب

August 18, 2022

اسلام آباد(جنگ رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ، فرخ حبیب نے پی ٹی آئی کے سربراہ ،عمران خان کی جانب سے ملزم شہباز گل کے حوالے سے ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب کو احکامات دیئے جانے کی خبر کو جھوٹ اور افواہ سازی کی شرمناک کوشش قرار دے دیاہے ،انہوںنے بدھ کو جاری بیان میں اس خبر کو سٹر یٹجک میڈیا سیل اور صحافتی اخلاقیات و اقدار سے محروم چینلوں کی شرارت قرار دیا ہے۔ انہوںنے کہا کہ مخصوص چینلز جھوٹ بیچ کر جیبیں بھرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں، ہم اس خبر کی یکسر تردید اور تشہیر کرنے والے چینلوں کی شدید مذمت کرتے ہیں ۔ شہباز گِل والے معاملے پر بھرپور قانونی چارہ جوئی میں مصروف ہیں،ان پر بہیمانہ تشدد اور ان سے روا رکھے جانے والے سلوک پر عمران خان کا موقف واضح اور غیر مبہم ہے ،ہم کسی غیرقانونی عمل پر یقین رکھتے ہیں نہ ہی عمران خان سے اس کی توقع کی جائے، سرکاری ٹولے کی ایماء پر اگر افواہ سازی ترک نہ کی گئی تو ملوث چینلوں کو قانون کے کٹہرے میں لائیں گے۔