شہباز گل پر مبینہ تشدد پر چیف جسٹس کو خط لکھ دیا گیا

August 18, 2022

اسلام آباد (جنگ رپورٹر) ریاستی اداروں کے خلاف نفرت پھیلانے اور بغاوت کے مقدمہ کے نامزد ملزم شہباز گل پر اسلام آباد پولیس کے مبینہ تشدد اور بنیادی حقوق کی خلاف ورزی پر چیف جسٹس عمر عطاء بندیال کو خط لکھ دیا گیا۔ یہ خط بدھ کے روز ملزم شہباز گل کی اہلیہ کے بھائی بیرسٹر بھہول اسد رسول ایڈووکیٹ کی جانب سے لکھا گیا ہے، جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ حکام شہباز گل کو نشان عبرت بنانا چاہتے ہیں اور عمران خان کیخلاف بیان دینے کیلئے اسے تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ہم شہباز گل کی ذہنی صحت کے حوالے سے تشویش میں مبتلا ہیں، سیاسی مخالفین کو مذموم مقاصد کیلئے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ خط میں شہباز گل کے بنیادی حقوق کا تحفظ کرنے کے لئے چیف جسٹس سے شہباز گل پر ذہنی و جسمانی تشدد کا نوٹس لینے کی استدعا کی گئی ہے۔