وزٹ ویزا پر دبئی جانے والے 80 پاکستانی ڈی پورٹ، انکوائری کا آغاز

August 18, 2022

کراچی (اسد ابن حسن) گزشتہ ہفتے دوبئی ایئرپورٹ پر 80پاکستانی جو وزٹ ویزا پر متحدہ عرب امارات پہنچے تھے اور ان کو بے دخل کردیا گیا تھا، اس حوالے سے انکوائری شروع کردی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق دوبئی ایئرپورٹ پر تعینات امیگریشن افسر گیان چند نے وزارت خارجہ اور وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کو مراسلے بھیجے کہ 13اگست کو دوبئی ایئرپورٹ پر پاکستان کے مختلف شہروں سے 80پاکستانی دوبئی ایئرپورپ پہنچے۔ تمام مسافر وزٹ ویزا پر آئے تھے، ان کے پاس پاکستان واپسی کے کنفرم ٹکٹ تھے اور نہ ہی مطلوبہ تعداد میں اماراتی کرنسی تھی۔ ان سے جب سوالات کیے گئے تو بیشتر نے انکشاف کیا کہ وہ نوکری کی تلاش میں آئے ہیں جس کے بعد 40مسافروں کو اسی دن ڈی پورٹ کردیا گیا اور بقیہ 40کو اگلے دو یوم میں پاکستان واپس بھجوا دیا گیا۔