پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے مختلف پہلوئوں پرغوروخوض

August 18, 2022

لاہور(خصوصی رپورٹر)وزیر بلدیات پنجاب میاں محمودالرشید نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت پنجاب میں جلد بلدیاتی انتخابات کرا کے اقتدار نچلی سطح پر عوام کے حقیقی نمائندوں کو منتقل کرنے کی خواہاں ہے جس کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ وہ سول سیکرٹریٹ میں اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں نیا پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ لانے کے لیے مختلف پہلوؤں پر غور و خوض کیا گیا جبکہ سیکر ٹری بلدیات نے مجوزہ ترامیم پر وزیر بلدیات کو بریفنگ دی۔ میاں محمود الرشید نے کہا کہ سابقہ بلدیاتی قانون کو تبدیل کر کے اسے عمران خان کے ویژن کے مطابق ڈھالا جائے ۔ انہوں نے لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں تبدیلی کے لیے ترامیم جلد مرتب کر کے آئندہ پیر تک مسودہ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ مجوزہ ترامیم وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی اور چیرمین تحریک انصاف عمران خان کو پیش کی جائیں گی اور ان کی منظوری کے بعد اسمبلی سے قانون منظور کرایا جائے گا ،انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ای وی ایم کے تحت مکمل طور پر شفاف بلدیاتی الیکشن کروائے جائیں۔