مہنگادودھ خرید کر سستا فروخت نہیں کرسکتے‘ ملک ریٹیلرز شاپس

August 18, 2022

کوئٹہ(پ ر)بلوچستان ملک ریٹیلرز شاپس اینڈ سپلائرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلیٰ حاجی فیصل خان جدون، صدر حاجی محمد ارشاد کرلال، جنرل سیکرٹری غلام جیلانی گجر، سینئر نائب صدر علائوالدین کاکڑ، ایوب عباسی اور حاجی خرم نے بیان میں کہا ہے کہ ملک شاپس اور ریٹیلرز پر ضلعی انتظامیہ کی طرف سے جرمانے اور دکانوں کو سیل کرنے کا جو سلسلہ جاری ہے کی مذمت کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دودھ کا نرخ ڈیری فارمز کی جانب سے بڑھایا گیا یہ بات ضلعی انتظامی بخوبی جانتی ہے ہم مہنگادودھ خرید کر سستا فروخت نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہا کہ دودھ کی پیداوار میں دن بدن کمی آرہی ہے۔ ڈیری فارمز دوسرے شہروں کا رخ کررہے ہیں۔ کورونا کے بعد مہنگائی کو جو طوفان آیا اس سے ڈیری فارمنگ کی صنعت کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ حالیہ سیلاب اور لمپی سکن سے یہ صنعت بری طرح متاثر ہوئی ہم ضلعی انتظامیہ سے اپیل کرتے ہیں کہ مہنگائی کے تناسب سے ڈیری فارمز کو نیا ریٹ دیا جائے تاکہ ڈیری فارمنگ اور اس شعبے سے جڑے ہزاروں افراد کا کاروبار تباہی سے بچ سکے۔