برطانوی نومنتخب وزیراعظم اور امریکی صدر کا دفاعی تعاون مضبوط بنانے پر اتفاق

September 08, 2022

لندن (اے پی پی)برطانیہ کی نو منتخب وزیراعظم لز ٹر س اور امریکی صدر جو بائیڈن کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے ، بات چیت میں دفاع سمیت مختلف شعبوں میں تعادن کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا ۔بدھ کو برطانوی وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ وزیراعظم لز ٹرس اور امریکی صدر جو بائیڈن کا ٹیلی فونک رابطہ دونوں ممالک کے درمیان خصوصی تعلقات کی پائیدار ی اور مضبوطی کا عکاس ہے۔دونوں رہنمائوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ امریکہ اور برطانیہ کے درمیان شراکت داری مشترکہ اقدار سے مضبوط ہے جو دنیا میں آزادی اور جمہوریت کے دفاع کو فروغ دینےکے لیے اہم ہے۔ بیان میں بتایا گیا کہ اس دوران نیٹو اور سہ فریقی دفاعی اتحاد (اے یو کے یو ایس)کے ذریعے ہمارے گہرے دفاعی اتحاد کو آگے بڑھانے سمیت باہمی روابط پربھی اتفاق ظاہر کیا گیا۔دونوں رہنماؤں نے عالمی آزادی کو مضبوط بنانے، آمریت سے لاحق خطرات سے نمٹنے اور یوکرین میں روس کو شکست دینے کو یقینی بنانے کے عزم کو بھی تقویت دی۔