تعمیرات میں استعمال شدہ مواد کو دوبارہ کام میں لانا

September 11, 2022

ماحولیاتی تبدیلی آج کے دور کا سنگین ترین چیلنج بن چکا ہے، جس سے مستقبل میں ہمارے خطے کے وجود کو خطرہ ہے۔ ماحول کوآلودگی سے بچانے کے لئے استعمال شدہ مٹیریل کو دوبارہ قابلِ استعمال (ری سائیکل) بناکر ماحول دوست عمارات کی تعمیر بہت اچھا طریقہ ہوسکتا ہے۔ کئی معاملات میں ری سائیکل شدہ مواد، کسی بھی نئے مواد سے زیادہ مضبوط، موثر اور کم لاگت ہوتا ہے۔ استعمال شدہ مٹیریل جس میں لکڑی، بلاک / اینٹ، بوتلیں، گھاس پھونس اور اسٹیل شامل ہیں، کو سنوار کر تعمیرات میں دوبارہ استعمال کرکے نا صرف پیسے بچائے جاسکتے ہیں بلکہ ماحول دوست مکانات بھی تیار کیے جاسکتے ہیں۔

پاکستان کی ٹمبر مارکیٹس بھی ری سائیکل دروازوں، کھڑکیوں، الماریوں اور دیگر فکسچر ز سے بھری پڑی ہیں، جہاں عمارتی سامان ارزاں قیمت پر دستیاب ہوتا ہے۔ ہمارے پاس دنیا سے ایسی مثالیں موجود ہیں، جب رفاہی بنیادوں پر غریب علاقوں میں پناہ گاہیں، اسکول اور دیگر عمارتیں بنانے کے لئے پلاسٹک کی سوڈا بوتلیں استعمال کی گئیں۔ مثلاً فلپائن میں گارے سے بھری ہوئی پلاسٹک کی پرانی بوتلوں سے ایک اسکول بنایا گیا ہے، جو نا صرف کم لاگت سے تیار ہوا بلکہ یہ کنکریٹ سے تین گنا زیادہ مضبوط ہے۔

تاہم یہ ضروری نہیں کہ اس کا طرزِ تعمیر دوبارہ استعمال شدہ مکانات کی طرح نظر آئے گا۔ ری سائیکل مواد سے تعمیرشدہ مکانات، مالک کے ذوق کے مطابق جدید اور رنگین ہوسکتے ہیں۔

چار منزلہ ٹاؤن ہاؤس

نیدرلینڈز (ہالینڈ) کے شہر روٹرڈیم میں ایک مکان ری سائیکل اینٹوں سے بنایا گیا ہے اور وہ بالکل آس پاس بنے مکانات جیسا ہی لگتا ہے۔ ماہرِ تعمیر میکن کا ڈیزائن کیا ہوا یہ ٹاؤن ہاؤس دیکھنے میں بالکل نیا نظر آتا ہے لیکن اس کی اینٹیں 15ٹن فضلے اور ملبے سے بنی ہیں، جن میں سیرامکس، شیشہ اور مٹی شامل ہیں۔ ڈچ کمپنی اسٹون سائیکلنگ نے ملک بھر سے فضلے کی مصنوعات اکٹھی کرکے انھیں اینٹوں کی شکل دی ہے۔

چار منزلہ ٹاؤن ہاؤس میں ہر منزل پر ایک بڑا کمرا موجود ہے، اس کے علاوہ گراؤنڈ فلور پر ایک کچن اور ڈائننگ روم، دوسری منزل پر ایک آفس اور باتھ روم، تیسری پر ایک لیونگ روم اور سب سے اوپری منزل پر ایک بیڈروم ہے جبکہ چھت بھی بنائی گئی ہے۔

جھیل کنارے کاٹیج

چلی کے شہر پینگوئپلی میں جھیل کے کنارے واقع جدید کاٹیج دوسرے گھروں اور عمارتوں سے حاصل کیے گئے ٹکڑوں سے بنایا گیا ہے۔ استعمال شدہ مٹیریل سے تیار شدہ اس تعمیراتی ڈیزائن کے لیے آرکیٹیکٹ جوآن لوئس مارٹنیز نے اس کاٹیج کو بنانے کے لیے1960ء کی دہائی میں تعمیرشدہ گھر کے آنگن سے چمکتے ہوئے دروازے مستعار لیے تھے جبکہ کاٹیج کی بیرونی سجاوٹ و آرائش کے لیے 1970ء کے بنے گھر سے لکڑی کے تختوں سے بنا فرش حاصل کیا۔ گھر کے فریم کے لئے حاصل کردہ لیمنیٹڈ اور اسٹیل کے بیم اس سے قبل ایک عارضی نمائش میں استعمال ہوتے تھے۔

شیشے کی بوتلوں سے بنا گھر

پرنس ایڈورڈ آئی لینڈ کے علاقے کیپ ایگمنٹ میں پریوں کی کہانیوں جیسا بوتل گھر ایڈورڈ آرسنالٹ نے 25ہزارسے زائد شیشے کی بوتلوں سے بنایا ہے۔ یہ تمام بوتلیں انھوں نے مقامی کمیونٹی کے لوگوں سے اکٹھی کی تھیں۔ اس کی تعمیر میں چار سال کا وقت لگا، تاہم یہ جگہ اس وقت سیاحوں کا پرکشش مقام بن چکی ہے۔ اس میں چھ مکان، ایک ہوٹل اور چیپل بنایا گیا ہے۔ چیپل کی تزئین و آرائش پر سب سے زیادہ دھیان دیا گیا ہے،جس میں ایک قربان گاہ اور گرجا گھر کے بینچ شامل ہیں۔

ٹری ہاؤس

برازیل کے جزیرے سانٹا کیٹرینا پر بنا یہ ٹری ہاؤس مسمار کیے جانے والے گھروں کی باقیات سے تعمیر کیا گیا ہے۔ عمارت سازی میں استعمال شدہ شیشے کی بوتلیں، پینٹڈ لکڑی کے بیم اور سرامک ٹائلز کو شامل کیا گیا ہے۔ یہاں ایک رات بسر کرنے کا کرایہ اوسطاً 77 ڈالر ہے۔ کبانا میں پانچ افرادکے سونے کی گنجائش ہے اور اس میں انٹرنیٹ، ایئر کنڈیشننگ اور کیبل ٹی وی کی سہولت بھی موجود ہے۔

اَرتھ شپ

اَرتھ شپ خود کو مستحکم رکھنے والا مکان ہے جو قدرتی اور ری سائیکل مواد سے بنا ہے۔ نیو میکسیکو کے ٹاؤن تاؤس کے نواحی علاقے گریٹر ورلڈ کمیونٹی میں واقع ارتھ شپ ہاؤس دو بیڈروم اور دو باتھ رو م پر مشتمل ہے۔یہاں گرین ہاؤس، مچھلی کا تالاب (جو سبزیوں کے باغ کو سیراب کرتا ہے) اور برقی کار چارج کرنے کے لیے ایک گیراج بھی ہے۔ گھر کی تعمیر میں دوبارہ استعمال شدہ شیشے کی بوتلوںکا استعمال بڑی خوبی سے کیا گیا ہے۔

کنٹینر گیسٹ ہاؤس، ٹیکساس

ٹیکساس کے شہر سینٹ انٹونیو میں اس گیسٹ ہاؤس کو پوٹیٹ آرکیٹیکٹس نے ایک ایسے کلائنٹ کے لئے ڈیزائن کیا تھا، جو اس ایک طرفہ شپنگ کنٹینر کو دوبارہ استعمال کرنا چاہتا تھا۔ اس ماحول دوست گھر کی بنیاد استعمال شدہ ٹیلیفون کے کھمبوں پررکھی گئی ہے جبکہ اس کا ڈیک سوڈا کی بوتلوں سے بنایا گیا ہے۔ اس میں رہائش کے لیے کھلی جگہ، باتھ روم اور اسٹوریج ایریا موجود ہے۔ اس کی چھت پر باغیچہ بھی بنایا گیا ہے۔

ری سائیکلڈ ہاؤس، ورجینیا

ورجینیا کے شہر چارلوٹز وِل میں واقع یہ مکان چھ سال کے عرصے میں دوبارہ استعمال شدہ مواد سے بنایا گیا ہے۔ گھر کے مالک نے گیراج کو توڑ کر اسی سے نکلنے والے تعمیراتی مواد سے بیڈروم اور باتھ روم پر مشتمل گیسٹ ہاؤس بنایا ہے۔ دیگر سامان قریب ہی منہدم کردہ ایک پرانی روئی کی فیکٹری اور پرانی حویلی سے حاصل کیا گیا ہے۔ اس میں چھ افرادکے سونے کی گنجائش ہے۔