دیواروں کی آرائش کے دیدہ زیب انداز

September 11, 2022

گھر کی دیواروں کو اگر آپ کوئی خاص انداز بخش دیں تو اس سے آپ کے پورے گھر کی آرائش میں اضافہ ہوجاتا ہے۔ لیکن سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ دیواروں کی آرائش کس انداز میں کی جائے کہ اس سے گھر کو چار چاند لگ جائیں۔ اس کا انحصار دیوار کی بناوٹ، مٹیریل اور اس سے بھی بڑھ کر آپ کے منفرد آئیڈیا پر ہے۔ آئیں اس سلسلے میں ماہرین کے مشوروں سے استفادہ کرتے ہیں۔

لکڑی سے سجاوٹ

اگر آپ اپنے گھر کے ڈرائنگ روم یا بیڈروم کی دیوار کو لکڑی سے مزین کرنا چاہتے ہیں تو اس کے لیے اچھی قسم کی لکڑی کا انتخاب کرنا ہوگا۔ یعنی دیوار کو ڈھانپنے کیلئے آپ کو ایسی لکڑی کا انتخاب کرنا چاہئے جو اچھی حالت اور نقائص سے پاک ہو تاکہ یہ ہر موسم سے نبرد آزما ہو سکے۔ لکڑی عام طور پر صاف اور مکمل طور پر قابل استعمال حالت میں ہونی چاہیے۔ لکڑی کو مختلف انداز یا ڈیزائن میں دیوار پر لگایا جاسکتا ہے۔ اگر آپ کو لکڑی کے مکانات اور ڈیزائن پسند ہیں تو گھر کی دیواروں کی لکڑی کے ذریعے آرائش کا آئیڈیا یقیناً آپ کو بھائے گا۔

عمودی باغ

اگر آپ اپنی دیوار کو خاص انداز دینا چاہتے ہیں تو اس کے لیے ورٹیکل گارڈن (عمودی باغ) بھی بہترین ہے۔ آپ اس دیوار پر مختلف اقسام کے پھول پودے نہیں لگانا چاہتے تو صرف ایک قسم کے پودے سے بھی کام چل جائے گا، جس کی دیکھ بھال کے حوالے سے بھی آپ کو زیادہ کاوشیں نہیں کرنا پڑیں گی۔ البتہ دیوار کے حساب سے کسی بھی پودے کا انتخاب کرنے سے پہلے اس کے سائز کے بارے میں جاننا ضروری ہے۔

متضاد رنگ

دیواروںکو پُرا ثر بنانے کا سب سے عمدہ طریقہ یہ ہے کہ اس کے رنگ اور ارد گرد موجود اشیا کے رنگوں میں کھلا تضاد رکھا جائے۔ انسان کے بنائے ہوئے مٹیریل اور قدرتی اشیا کے درمیان رنگوں کا تضاد خاص طور پر گہر ا اثر چھوڑتا ہے۔ مثال کے طور پر کنکریٹ کی سرمئی رنگوں والی دیواروں میں اگر ایک سرسبز دیوار نظر آئے گی تو و ہ دیکھنے والے کو چونکا کر رکھ دے گی اور وہ اس کی داد دیے بنا نہیں رہ سکے گا۔

ماحول سے مطابقت

دیوار کو انفرادیت دینے کے لیے زیادہ بھڑکیلے رنگ نہ کروائیں یا ایسے آرٹ ورک نہ بنادیں جو دل لبھانے کے بجائے طبیعت پر گراں اثر ڈالیں۔ دیواروں کی خوبصورتی بڑھانے کے لیے منتخب کردہ مٹیریل میں یہ دیکھنا ضروری ہے کہ وہ باقی ماحول کے ساتھ مطابقت اختیار کر جائے، صرف ایک دیوار کو ہی نہیں بلکہ زمین کی تزئین کو بھی ذہن میں رکھیں۔

ڈیزائن کے عناصر پر توجہ

اپنے آپ کو آسانی سے دستیاب اور استعمال میں آسان مواد کو منتخب کرنے تک محدود نہ رکھیں۔ اگر آپ فیچر وال تیار کررہے ہیں تو اس کے ساتھ ساتھ ڈیزائن کے ہر عنصر پر بھی توجہ دیں تاکہ آپ صرف ایک کمرے نہیں بلکہ اپنے پورے گھر کے آرائشی رجحانات سے ہم آہنگ ہوں۔

اسٹرکچر کا انتخاب

دیواروں کو ڈھانپنے (Cover)کیلئے مٹیریل کا انتخاب کرتے وقت آپ کو ایک ایسےا سٹرکچرکا انتخاب کرنا چاہئے جو آپ کے کمرے کے مطابق ہو اور مخصوص اسٹائلش عناصر کو نمایاں کرے۔ بعض اوقات متضاد ٹیکسچر تو منتخب کرلیا جاتا ہے مگر کچھ انداز و اطوار میں یہ جچتا نہیںہے۔ اس سلسلے میں آپ کوانٹیریئر ڈیزائنر کی خدمات حاصل کرنے کی ضرورت ہوگی۔

جیومیٹرک اشکال

آجکل جیومیٹرک اشکال بہت اِن ہیںاور یہ بہت ہی نمایاں دکھائی دیتی ہیں۔ یہ جدیدیت کی علامت ہیں لیکن اس کے لیے یہ ضروری ہے کہ شکلیں اور رنگ باقی سجاوٹ کے ساتھ ہم آہنگ ہوں۔ دیواروںپر آپ لکیریں یا لائنیں بناتے وقت مختلف انداز بناسکتے ہیں ،یہاں تک کہ ان کو مزید بولڈ کرنے کی کوشش کر سکتے ہیں۔ لکیریں ساخت اور سجاوٹ کا ایک اہم حصہ ہیں کیونکہ وہ جدید ، آسان ، خوبصورت نظر آسکتی ہیں۔

تواز ن قائم رکھنا

اگر آپ کی دیواریں دیکھنے میں شاہکار لگتی ہیں تو ان پر سے غیرضروری چیزوںکو ہٹا دیں۔ پینٹنگز لگائیں لیکن پوری دیوار کو پینٹگز سےنہ بھریں۔ آرٹ ورک کو صرف دیوار کی دلکشی بڑھانے کے لئے ہی استعمال کیا جائے۔ کسی بھی عنصر کو غیر متوازن نہیں ہونا چاہئے۔ اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ کی دیواریں گھر کی تمام چیزوں کے ساتھ ہم آہنگی پیدا کرکے اس کی دلکشی میں اضافہ کریں۔

نئے ٹرینڈز

عام کاغذ کی طرح آسانی سے لگ جانے ولا تھری ڈی وال پیپر دُگنا اثر رکھتا ہے اور دیوار پر حقیقت میں بنائے جانے والے ڈیزائن کی نسبت کہیں سستا ہے، ساتھ ہی ماحول کو منفرد بنانے کے لیے بھی بہتر ہوتاہے۔ حقیقت سے قریب نظر آتا تھری ڈی وال پیپر دیوار پر سجی کسی پینٹنگ کی مانند نظروں کو خیرہ کر دینے والی خوبصورتی کا حامل ہوتا ہے اور اپنے حیرت انگیز فریب نظر (illusion) کی و جہ سے عام اور جدید گھروں کی دیواروں کو حیرت انگیز بنا دیتا ہے۔