وہ سادگی میں بھی ہے عجب دِل کشی لیے۔۔۔

September 18, 2022

تحریر : عالیہ کاشف عظیمی

ماڈل:سونیا علی

ملبوسات: Jaan London

آرایش: Sleek By Annie

کوآرڈی نیشن: عابد بیگ

عکّاسی: ایم۔کاشف

لے آؤٹ: نوید رشید

وہ ایک غزل ہے ؎ ’’یہ جو زندگی کی کتاب ہے، یہ کتاب بھی کیا کتاب ہے…کہیں اِک حسین سا خواب ہے، کہیں جان لیوا عذاب ہے…کہیں چھاؤں ہے، کہیں دھوپ ہے، کہیں اور ہی کوئی رُوپ ہے…کئی چہرے اس میں چُھپے ہوئے، اِک عجیب سی یہ نقاب ہے…کہیں کھو دیا، کہیں پا لیا، کہیں رو لیا، کہیں گا لیا…کہیں چھین لیتی ہے ہر خوشی، کہیں مہرباں بے حساب ہے…کہیں آنسوؤں کی ہے داستاں، کہیں مُسکراہٹوں کا بیاں…کہیں برکتوں کی ہیں بارشیں، کہیں تشنگی بے حساب ہے‘‘۔ تو ایسے میں، جب زندگی کئی رُوپ بدل بدل کر مل رہی ہو، اس کے ہر اِک رنگ و رُوپ سے ہم آہنگی و ہم آمیزی لازم ہوجاتی ہے۔ بہرکیف، اسی زندگی کی کچھ حسین و دِل نشین ساعتوں کے لیے ہماری جانب سے کچھ شوخ وشنگ، نکھرے، اُجلے رنگوں سے مزّین دیدہ زیب پیراہن کا یہ انتخاب پیشِ خدمت ہے۔

ذرا دیکھیے تو جارجٹ میں سُرخ رنگ پیراہن کس قدر جاذبِ نظر ہے۔ پلین ٹراؤزر کے ساتھ پرنٹڈ ایمبرائڈرڈ قمیص خُوب کِھل رہی ہے،تو کنٹراسٹ میں پرنٹڈ دوپٹا بھی بھلا لگ رہا ہے۔ اسی طرح سیاہ رنگ پلین ٹراؤزر کے ساتھ سیاہ جیکارڈ فیبرک قمیص اور کنٹراسٹ میں ٹی پنک دوپٹے کا انتخاب بے حد حسین ہے، تو بیج رنگ ساٹن سِلک ٹراؤزر کے ساتھ بیج رنگ بیس میں گہرے زرد رنگ کی پرنٹڈ ایمبرائڈرڈ قمیص بھی سادہ ہونے کے باوجود خُوب کِھلا کِھلا، نکھرا نکھرا سا تاثر دے رہی ہے۔ پھر سفید رنگ پلین ٹراؤزر کے ساتھ فیروزی رنگ پرنٹڈ ایمبرائڈرد قمیص اور پرنٹڈ دوپٹا ہے، تو لائٹ اور ڈارک بلیو کے کامبی نیشن میں ایمبرائڈرڈ جیکارڈ پہناوے کے بھی کیا ہی کہنے۔

ان سادہ، مگر دیدہ زیب ملبوسات میں سے کوئی سا بھی رنگ و انداز چُن لیں، سکھی سہیلیاں آپ کے اعلیٰ ذوق کو داد دیئے بغیر نہ رہ پائیں گی۔