مصیبت اور آزمائش کی اس گھڑی میں صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کا جذبہ ایثار و انفاق ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے

September 16, 2022

حاجی محمدحنیف طیب

ایثار کہتے ہیں اپنی ضرورت کے وقت دوسرے کو ترجیح دینا۔اول تو صحابہ کرام ؓ کی ہرادا، ہر عادت ایسی ہی ہے جس کی برابری تودرکناراس کا کچھ حصہ بھی کسی خوش قسمت کونصیب ہوجائے توعین سعادت ہے، لیکن بعض عادتیں ان میں سے ایسی ممتازہیں کہ انہیں کاخاصہ تھیں ۔صحابہ کرامؓ کے ایثار کی حق تعالیٰ شانہ ‘نے کلام ﷲ میں تعریف فرمائی :’’ یُوثرون علیٰ انفسھم ولوکان بھم خصاصۃ ‘‘میں اس صفت کا ذکر فرمایاکہ وہ لوگ اپنے اوپر دوسروں کوترجیح دیتے ہیں، اگرچہ اُن پرفاقہ ہی ہو۔

ایک صحابی حضور اقدس ﷺکی خدمت میں حاضر ہوئے اور بھوک اور پریشانی کی حالت کی اطلاع دی۔ حضورﷺنے اپنے گھر وں میں آدمی بھیجا کہیں کچھ نہ ملا تو حضور ﷺنے صحابہ ؓ سے فرمایاکہ کوئی شخص ہے جو ان کی ایک رات کی مہمانی قبول کرے۔ ایک انصاری صحابی ؓنے عرض کیا یارسول ﷲﷺ میں مہمانی کروں گا، وہ انہیں گھر لے گئے اور بیوی سے فرمایا کہ یہ حضور ﷺکے مہمان ہیں جو تعظیم ہوسکے کرنا اس میں کسرنہ کرنا اور کوئی چیز چھپا کر نہ رکھنا۔ بیوی نے کہا ،خداکی قسم ،بچوں کی خاطر کچھ تھوڑا ساکھانارکھا ہے اور کچھ بھی گھر میں نہیں۔

صحابی ؓ نے فرمایا کہ بچوں کوبہلا کر سلادو اور جب وہ سوجائیں تو کھانالے کر مہمان کے ساتھ بیٹھ جائیں گے اور تم چراغ درست کرنے کے بہانے سے اُٹھ کراسےبجھادینا۔ چنانچہ بیوی نے ایسا ہی کیا اور دونوں میاں بیوی اوربچوں نے فاقہ سے رات گزاری۔ جس پر یہ آیت نازل ہوئی ۔ترجمہ ’’اور ترجیح دیتے ہیں اپنی جانوں پر اگرچہ اُن پر فاقہ ہی ہو‘‘۔ اس قسم کے متعددواقعات ہیں جوصحابہ ؓ کے یہاں پیش آئے چنانچہ ایک دوسرا واقعہ اسی قسم کالکھا ہے۔

ایک صحابی ؓہر روز روزہ رکھتے تھے۔ افطار کےلیے کوئی چیز کھانے کی میسر نہ آتی ۔ ایک انصاری صحابی حضرت ثابتؓ نے انہیں دیکھ لیا۔ بیوی سے کہا کہ میں رات کو ایک مہمان لائوں گاجب کھانا شروع کریں توتم چراغ کو درست کرنے کے حیلے سے بجھا دینا اور جب تک مہمان کا پیٹ نہ بھر جائے خود نہ کھانا۔ چنانچہ انہوں نے ایسا ہی کیا، ساتھ میں سب شریک رہے جیسے کھا رہے ہوں۔ صبح کو حضرت ثابتؓ جب حضورﷺ کی مجلس میں حاضر ہوئے توحضور ﷺنے فرمایا کہ رات کا تمہارا اپنے مہمان کے ساتھ برتائوحق تعالیٰ شانہ کو بہت ہی پسند آیا۔

حضرت انسؓ فرماتے ہیں کہ ابو طلحہؓ انصاری مدینہ منورہ میں سب سے بڑے باغ کے مالک تھے۔ ان کا ایک باغ تھاجس کانام بیر حاء تھا۔ وہ انہیں بہت ہی زیادہ محبوب تھا۔ مسجد نبوی کے قریب تھا۔پانی بھی اس میں نہایت شیریں اور وافر مقدار میں تھا۔ حضور ﷺبھی اکثر اس باغ میں تشریف لے جاتے اور اس کا پانی نوش فرماتے۔ جب قرآن شریف کی آیت، ترجمہ:تم نیکی کے کامل درجے کو نہیں پہنچ سکتے ،جب تک ایسی چیزوں سے خرچ نہ کرو گے جو تمہیں پسند ہیں‘‘۔ نازل ہوئی تو ابو طلحہؓ حضور ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئے اور عرض کیا کہ مجھے اپنا باغ بیر حاء سب سے زیادہ عزیز ہے اور اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے کہ محبوب مال اللہ کے راستے میں خرچ کرو، اس لئے وہ اللہ کے راستے میں دیتا ہوں، آپﷺ جیسا مناسب سمجھیں اس کے موافق اسے خرچ فر مادیں۔ حضورﷺ نے بہت مسرت کا اظہار فرمایا۔ اور فرمایا کہ بہت ہی عمدہ مال ہے۔میں یہ مناسب سمجھتا ہوں کہ اسے اپنے اہل قرابت میں تقسیم کر دو۔ ابو طلحہؓ نے اسے اپنے رشتے داروں میں تقسیم فرما دیا۔

قارئین کرام ،کیا ہم بھی اپنا کوئی محبوب ترین مال و جائیداد کوئی وعظ سن کر یا قرآن پاک کی کوئی آیت پڑھ کر یا سن کر اس طرح بے دھڑک خیرات کر دیتے ہیں۔ اگر کوئی چیز وقف وغیرہ کرنے کا خیال بھی آتا ہے تو زندگی سے مایوس ہوجانے کے بعد یا وارثوں سے خفا ہو کر انہیں محروم کرنے کی نیت سے اور کئی سال اس سوچ میں لگا دیتے ہیں کہ کوئی صورت ایسی پیدا ہوجائے کہ میری زندگی میں تو میرے کام آئے، بعد میں جو ہو، ہوتا رہے۔ہاں نام و نمود کی کوئی چیز ہو، بیاہ شادی کی تقریب ہوتو سودی قرض بھی لینے سے باز نہیں آتے۔

حضرت ابو جہم بن حذیفہؓ کہتے ہیں کہ یرموک کی جنگ میں ، میں اپنے چچا زاد بھائی کی تلاش میں نکلا کہ وہ جنگ میں شریک تھے اور ایک مشکیزہ پانی کا میں نے اپنے ساتھ لیا کہ ممکن ہے کہ وہ پیاسے ہوں تو پانی پلائوں۔ اتفاق سے وہ ایک جگہ اس حالت میں پڑے ہوئے ملے کہ دم توڑ رہے تھے اور جاں کنی کا عالم تھا ۔ میں نے پوچھا پانی کا گھونٹ دوں؟ انہوں نے اشارے سے ہاں کی، اتنے میں دوسرے صاحب نے جو قریب ہی تھے اور وہ بھی مرنے کے قریب تھے آہ کی آواز بلند کی۔ میرے چچا زاد بھائی نے آواز سنی تو مجھے ان کے پاس جانے کا اشارہ کیا۔میں ان کے پاس پانی لے کر گیا۔

وہ ہشام بن ابی العاص تھے، ان کے پاس پہنچا ہی تھا کہ ان کے قریب ایک تیسرے صاحب اسی حالت میں پڑے دم توڑ رہے تھے۔ انہوں نے آہ بلندکی۔ ہشامؓ نے مجھے ان کے پاس جانے کا اشارہ کر دیا۔ میں ان کے پاس پانی لے کر پہنچا تو ان کا انتقال ہوچکا تھا۔ ہشامؓ کے پاس واپس آیا تو وہ بھی شہید ہو چکے تھے۔ ان کے پاس سے اپنے بھائی کے پاس لوٹا تو اتنے میں وہ بھی شہید ہو چکے تھے۔ (اناللہ و انا الیہ راجعون)

اس نوع کے متعدد واقعات کتب حدیث میں اکثرملتے ہیں۔ کیا انتہا ہے ایثار کی کہ اپنا بھائی دم توڑ رہا ہو اور پیاسا ہو ، ایسی حالت میں کسی دوسرے کی طرف توجہ کرنا بھی مشکل ہو جاتا ہے چہ جائیکہ اسے پیاسا چھوڑ کر دوسرے کو پانی پلایا جائے، ان شہداء کی روحوں کو اللہ جل شانہ اپنے لطف و فضل سے نوازے کہ موت کے وقت بھی جب ہوش و حواس سب ہی جواب دے جاتے ہیں، یہ نفوس قدسیہ ایثار و ہمدردی میں اپنی جان نثار کردیتے ہیں۔

حضور اقدس ﷺکے چچا حضرت حمزہؓ غزوۂ اُحد میں شہید ہو گئے اور کافروں نے آپؓ کے کان، ناک وغیرہ اعضا کاٹ دیئے اور سینہ چیر کر دل نکالا اور طرح طرح کے ظلم کئے۔ جنگ کے ختم ہونے پرحضور اکرمﷺ اور دوسرے صحابہ ؓ شہیدوں کی نعشیں تلاش فرما کران کی تجہیز و تکفین کا انتظام فر ما رہے تھے کہ حضرت حمزہؓ کو اس حالت میں دیکھا اور نہایت صدمہ ہوا،اتنے میں حضرت حمزہؓ کی حقیقی بہن حضرت صفیہؓ تشریف لائیں کہ اپنے بھائی کی حالت دیکھیں۔

حضورﷺ نے اس خیال سے کہ یہ ایک عورت ہیں، ایسے ظلم کو دیکھنے کا تحمل مشکل ہوگا، ان کے صاحبزادے حضرت زبیرؓ سے ارشاد فرمایا کہ اپنی والدہ کو دیکھنے سے منع کرو۔حضرت زبیرؓ کہتے ہیں کہ میں جلدی سے روکنے کیلئے بڑھا، مگر وہ قوی تھیں، ایک گھونسا میرے مارا اور کہا کہ راستے سے ہٹ جاؤ۔ میں نے کہا کہ حضوررﷺنے منع فرمایا ہے تو فوراً کھڑی ہو گئیں۔ اس کے بعد دو کپڑے نکالے اور فرمایا کہ میں اپنے بھائی کے کفن کیلئے لائی تھی کیونکہ میں ان کے انتقال کی خبر سن چکی تھی۔

ان کپڑوں میں انہیں دفنا دینا۔ ہم لوگ وہ کپڑے لے کر حضرت حمزہؓ کو کفنانے لگے کہ برابر میں ایک انصاری شہید موجود تھے، جن کا نام حضرت سہیلؓ تھا۔ان کا بھی کفار نے ایسا ہی حال کر رکھا تھا، جیسا کہ حضرت حمزہؓ کا تھا۔ ہمیں اس بات سے شرم آئی کہ حضرت حمزہؓ کو دو کپڑوں میں کفن دیا جائے اور انصاری صحابی ؓ کے پاس ایک بھی نہ ہو۔اس لئے ہم نے دونوں کیلئے ایک ایک کپڑا تجویز کر دیا، مگر ایک کپڑا ان میں بڑا تھا، دوسرا چھوٹا، تو ہم نے قرعہ ڈالا کہ جو کپڑا جن کے حصہ میں آجائے گا، وہ ان کے کفن میں لگایا جائے۔

قرعہ میں بڑا کپڑاحضرت سہیلؓ کے حصے میں آیا اور چھوٹا حضرت حمزہؓ کے حصے میں آیا، جو ان کے قد سے بھی کم تھا کہ اگر سر کو ڈھانکا جاتا تو پائوں کھل جاتے اور پائوں کی طرف کیا جاتا تو سر کھل جاتا۔حضور اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ سر کو کپڑے سے ڈھانک دو اور پائوں پر پتے وغیرہ ڈال دو،یہ دوجہاں کے بادشاہ کے چچا کا کفن ہے، وہ بھی اس طرح کہ ایک عورت اپنے بھائی کیلئے دو کپڑے دیتی ہیں، انہیں یہ گوارا نہیں کہ دوسرا انصاری صحابی ؓ بے کفن رہے۔ ایک کپڑا بانٹ دیا جاتا ہے اور پھر چھوٹا کپڑا اس شخص کے حصے میں آتا ہے، جو کئی وجہ سے ترجیح کا استحقاق بھی رکھتا ہے،غریب پروری اور مساوات کے دعویدار اگراپنے دعوئوں میں سچے ہیں توان پاک ہستیوں کی اتباع کریں جو کہہ کر نہیں بلکہ کرکے دکھلا گئے۔ ہم لوگوں کو اپنے لئے ان کا پیرو کہنا بھی شرم کی بات ہے۔

ایثار وسخاوت ،حسن سلوک اور بہترین اسلام کی علامت و پہچان ہے، ایثاروسخاوت وہی شخص کرسکتا ہے جسے اپنے رب کریم پرکامل اعتماد و توکل ہو، سخاوت کااثرونتیجہ یہ ہے کہ لوگ اس سے محبت کرتے ہیں۔ اسے پسند کرتے ہیں اور اس کے قریب ہونے لگتے ہیں، سخاوت کرنے والے مومن کو دنیا وآخرت میں سربلند ی اور غیرت کامقام حاصل ہوتا ہے۔

موجودہ حالات میں جب ملک و قوم سیلاب اور قدرتی آفت کے نتیجے میں بدترین آزمائش اور مصیبت سے دوچار ہے،سیلاب سے متاثر افراد ہماری مدد و اعانت کے منتظر ہیں، انہیں اشیائے ضروریہ ،تن ڈھانپنے کے لیے کپڑے، سونے کے لیے بستر اور بے خانماں افراد کھلے آسمان تلے زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں، ایسے حالات میں ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم مواخات مدینہ کی سنت پر عمل پیرا ہوتے ہوئے اپنے مصیبت زدہ بھائیوں کی بھرپور مدد کریں۔درحقیقت یہی وہ موقع ہے کہ جس میں بڑھ چڑھ کر ایثار و انفاق کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ ہمارا یہ طرزعمل اللہ اور اس کے حبیب حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کے قرب و رضا کا باعث ہوگا۔