حکومت کا ریٹیلرز کیلئے پیراسیٹامول پر مارجن مقرر، کمپنیوں کو اعتراض

September 17, 2022

فوٹو: فائل

وفاقی حکومت نے ریٹیلرز کے لیے پیراسیٹامول ادویات پر مارجن مقرر کر دیا۔

اس حوالے سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیراسیٹامول گولیوں، سسپنشن اور سیرپ پر مارجن کی حد مقرر کی گئی ہے۔

کمپنیاں ریٹیلرز کو پیراسیٹامول پر 15 فیصد تک مارجن دے سکیں گی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق 15 فیصد تک ڈسکاؤنٹ دینے پر اعتراضات 3 دن میں جمع کروائے جاسکتے ہیں۔

دوسری جانب ادویات ساز کمپنیوں نے وزارتِ صحت کے نوٹیفکیشن پر اعتراض اٹھادیا۔

چیئرمین پاکستان فارما سیوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن منصور دلاور کا کہنا ہے کہ حکومت نے پیراسیٹامول کی قیمت بڑھانے کے بجائے مارجن کم کردیا۔

انہوں نے کہا کہ پہلے کمپنیاں کم از کم 15 فیصد ڈسکاؤنٹ مارجن دینے کی پابند تھیں، کمپنیاں ریٹیلرز کو 30 فیصد تک بھی مارجن دیتی تھیں۔