اسٹاک مارکیٹ، سرمایہ کاروں کی عدم دلچسپی، 159پوائنٹس کم

September 20, 2022

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکس چینج، سرمایہ کاروں کی عدم دلچسپی،نئے کاروباری ہفتے کا آغاز بھی مندی پر ہوا،کے ایس ای100انڈیکس میں 159پوائنٹس کی کمی ، 64.95 فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت کم ہو گئی۔

سرمایہ کاری مالیت 22 ارب 45 کروڑ 23 لاکھ روپے گھٹ گئی ،کاروباری حجم بھی 32.43 فیصد کم رہا، تفصیلات کے مطابق ملکی سیاسی اور معاشی بے یقنی کے حالات میں ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کارمارکیٹ میںسرگرم نظر نہیں آتے اس لئے مارکیٹ گذشتہ 3ہفتوں سے تقریباً جمود کا شکار ہے ،نئے کاروباری ہفتے کے آغاز پر بھی سرمایہ کارانتظار کروکی پالیسی پر گامزن نظر آئے جس کی وجہ سے مارکیٹ معمولی اتار چڑھاو ریکارڈ کیا گیا، ٹریڈنگ کے آغاز پر 100انڈیکس میں 217 پوائنٹس تک کا اضافہ دیکھنے میں آیا لیکن بعد ازاں منافع کی خاطر فروخت بڑھ گئی جس سے مارکیٹ 175پوائنٹس تک منفی زون میں چلی گئی تاہم اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس 158.90 پوائنٹس کی کمی سے 41520.59 پوائنٹس پر آکر بند ہوا، کے ایس ای30انڈیکس بھی 45.39 پوائنٹس کی کمی سے 15603.06 پوائنٹس ہو گیا اور آل شیئرز انڈیکس 75.15 پوائنٹس کی کمی سے 28380.71 پوائنٹس پر آگیا ، مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت 22 ارب 45 کروڑ 23 لاکھ 83ہزار روپے کی کمی سے 6832 ارب 7 کروڑ 57 لاکھ 55ہزار روپے ہو گئی،پیر کو 331 کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار ہوا،93 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت میں اضافہ،215کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت میں کمی اور 23 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت مستحکم رہی ، سرمایہ کاروں کی جانب سے خرید و فروخت میں کمی کے باعث کاروباری حجم گذشتہ سیشن کی نسبت 7 کروڑ 11 لاکھ 36ہزار شیئرز کی کمی سے 14 کروڑ 82 لاکھ 14ہزار شیئرز پر آگیا، مارکیٹ میں کاروباری حجم کے لحاظ سے ٹی آر جی ،ٹی پی ایل پراپرٹیز ،ہیسکول پیٹرولیم ، ہم نیٹ ورک اور اینگرو پولیمر سر فہرست رہے ،پیر کو سب سے زیادہ شیئرز کی قیمت میں اضافہ سفائر فائبر اور پاک ٹوبیکو کے شیئرز کی قیمت میں ہوا جو کہ 69.82 روپے اور 55.72 روپے فی شیئرز تھا ،جبکہ سب سے زیادہ کمی بھینئرو ٹیکسٹائل اور سفائر ٹیکسٹائل کے شیئرز کی قیمت میں ہو ئی جو کہ 90.18 روپے اور 78.15 روپے فی شیئرز تھی۔