می ٹو مہم کے بعد مجھے قتل کرنے کی کوشش کی گئی، تنوشری دتہ

September 23, 2022

فوٹو: فائل

بھارتی اداکارہ تنوشری دتہ نے کہا ہے کہ انہیں می ٹو مہم کے بعد قتل کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔

خیال رہے کہ بھارت میں 2018 میں می ٹو مہم کے دوران تنوشری دتہ نے ساتھی اداکار نانا پاٹیکر سے متعلق انکشاف کیا تھا کہ اداکار نے انہیں ہراساں کیا۔

انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ ہراساں ہونے اور ذہنی دباؤ کے باوجود انہوں نے خودکشی کا نہیں سوچا تھا۔

تاہم اب تنوشری نے می ٹو مہم کے دوران انکشافات کے بعد اپنی زندگی سے متعلق ہوش اڑا دینے والی باتیں کہی تھیں۔

اپنے تازہ انٹرویو کے دوران تنوشری دتہ نے دعویٰ کیا کہ می ٹو مہم کے انکشافات کے بعد انہیں قتل کرنے کی متعدد کوششیں کی گئیں۔

انہوں نے بتایا کہ ایک مرتبہ ان کی گاڑی کے بریک خراب کیے گئے جس کے باعث ان کی گاڑی کو حادثہ پیش آیا جس میں وہ شدید زخمی ہوئیں۔

تنوشری نے یہ بھی بتایا کہ ان کے گھر میں ایک ملازمہ کو بھیجا گیا تھا، جہاں اُس نے انہیں مبینہ طور پر زہر دینے کی کوشش کی۔

ان کا کہنا تھا کہ انہیں شک ہے ان کے پانی میں کچھ زہر شامل کیا گیا تھا جس کی وجہ سے بھی شدید بیمار پڑ گئی تھیں۔