پاکستان کے دیگر علاقوں سے لوگوں کو لاکر ہم سب پر مسلط کردیا گیا، نیئر رضا

September 24, 2022

کراچی( اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے16اکتوبر کو ہونے والے ضمنی الیکشن برائے حلقہ این اے 239کے حوالے سے ملیر ٹاؤن کی مختلف یوسیز میں کارنر میٹنگ کا انعقاد کیا اور نامزد امید وارسید نیئررضا نے ملیر ٹاؤن کے علاقے انڈس مہران،شادمان ٹاؤن، اے ون ایریا، سعودیہ کالونی میں عوام سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کراچی جس نے ہمیشہ پورے پاکستان کو سنبھالا ہے اس شہر کے ساتھ کیا سلوک کیا جارہا ہے آپ سب کے سامنے ہے، نیئر رضانے کہا کہ ماضی میں 2018 کے انتخابات میں اس شہر میں پاکستان کے دیگر علاقوں سے لوگوں کولاکر ہم سب پر مسلط کردیا گیا تھا جس کا نتیجہ آج ہم سب کے سامنے ہے وہ لوگ جن کا تعلق اس شہر سے نہیں وہ ہمارا درد،ہمارے مسائل کیا سمجھیں گے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ 16 اکتوبر کو اپنے اہلخانہ اور دوستوں کے ہمراہ نکلیں اور ایم کیو ایم پاکستان کے انتخابی نشان پر پتنگ پر مہر لگا ئیں۔