81 فیصد پاکستانیوں کی رائے میں سیلاب کی وجہ موسمیاتی تبدیلیاں

September 24, 2022

کراچی (نیوزڈیسک) ملک میں سیلا ب کی تباہ کاریوں کو 81فیصد پاکستانی نے موسمیاتی تبدیلیوں کا نتیجہ قرار دیا ہے ۔ 80فیصد پاکستانی یہ بھی کہتے ہیں کے انہوں نے اس سے پہلے کبھی ایسے سیلاب کا سامنا نہیں کیا ۔ جبکہ ہر 10 میں سے 07 پاکستانی سیلاب کے مالی نقصانات پر پریشان ہیں ۔ اس بات کا انکشاف گیلپ پاکستان کے سروے میں ہوا۔ جس میں ملک بھر سے تقریباً 01 ہزار افراد نے حصہ لیا۔ یہ سروے یکم ستمبر سے16ستمبر 2022 کے درمیان کیا گیا ۔سروے میں پاکستانیوں کی اکثریت یعنی 81 فیصد نے حالیہ سیلابی صورتحال کو موسمیاتی تبدیلیوں کا نتیجہ قرار دیا۔ جبکہ 19 فیصد نے اس سے انکا ر کیا۔ پہلے کبھی سیلاب سے متاثر ہونے کے سوال پر 80 فیصد پاکستانیوں نے کہا کے انہوں نے اس سے پہلے کبھی ایسے سیلاب کا سامنا نہیں کیا۔ البتہ 20 فیصد نے کہا کے وہ اس سے پہلے سیلاب سے متاثر ہوچکے ہیں ۔ سیلاب سے ہوئےنقصانات پر 70فیصد پاکستانیوں نے سب سے زیادہ مالی نقصانات ہونے کا کہا ۔ 58فیصد نے کھیتوں اور فصلوں کو نقصان پہنچنے جبکہ 51فیصد نے مویشیوں کا نقصان ہونے کا بتایا ۔ البتہ 5فیصد پاکستانیوں نے سیلاب کے باعث جانی نقصان ہونے کا کہا ۔15فیصد نے دیگرنقصانات کا تذکرہ کیا ۔اس سوال پر کے سیلاب سے زیادہ نقصانات ہونے کی وجہ کیا جنگلات کی کٹائی ہے ؟ تو 70فیصد پاکستانیوں نے اس سے اتفاق کیا البتہ 30فیصد اس رائے سے غیر متفق نظرآئے۔