پٹرولیم مصنوعات پر جی ایس ٹی لگانے کا کوئی منصوبہ نہیں، قائمہ کمیٹی کو بریفنگ

September 24, 2022

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی پٹرولیم کو آگاہ کیا گیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات پر جی ایس ٹی لگانے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے جبکہ پٹرول پر کسٹمز ڈیوٹی 16 اور ڈیزل پر 22روپے فی لیٹر ہے، پٹرول پر پٹرولیم لیوی 37روپے 42پیسے فی لیٹر ہے، اپریل تک لیوی کو 50روپے فی لیٹر تک لے جایا جائے گا، اجلاس میں پی پی ایل میں انجینئرز کی بھرتی کے معاملے پر ذیلی کمیٹی تشکیل دی گئی، کمیٹی نے ایس ایس جی پی ایل کو آئندہ سردیوں میں بلوچستان میں گیس لوڈ شیڈنگ کم کرنے کا پلان مرتب دینے کی ہدایت کر دی۔جمعہ کو کمیٹی کااجلاس سینیٹر محمد عبدالقادر کی زیر صدارت ہوا،چیئرمین اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کی ڈی ریگولیشن پر کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ہم پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو ڈی ریگولیٹ کر رہے ہیں ،اس سے حکومت کا اختیار ختم نہیں ہو گا، غلط فہمی عوام میں پھیلا دی گئی ہے، قیمتوں کو بالکل آزاد نہیں چھوڑا جائے گا۔