سینئر صحافی ایاز امیر کے بیٹے نے بیوی کو قتل کر دیا، ملزم گرفتار

September 24, 2022

اسلام آباد (نمائندہ جنگ /خصوصی رپورٹ ) اسلام آباد پولیس نے سینئر صحافی ایاز امیر کے بیٹے شاہنواز امیر کو کینیڈین شہریت کی حامل بیوی کے قتل کے الزام میں گرفتار کر لیاہے ،ملزم پر الزام ہے کہ اس نے جمعرات کی رات گئے تھانہ شہزاد ٹاؤن کے علاقہ چک شہزاد 46فارم ہاؤس میں گھریلو تنازعہ پر اپنی نئی نویلی دلہن سارہ کو تشدد کا نشانہ بناتے ہوئےجم میں استعمال ہونے والا ڈمبیلز سر میں مار کر قتل کیا ،مقتولہ سارہ شاہنواز کی سکول فیلوبتائی جاتی ہے ،دونوں نے محبت کی شادی کی تھی، ایک ماہ قبل ابو ظہبی میں نکاح ہوا تھا اور صرف ایک ہفتہ قبل ہی دلہن اسلام آباد پہنچی تھیں، ایاز میر نے قتل کی مذمت کرتے ہوئے واقعہ کو دل دہلا دینے والا سانحہ قرار دیا اور اپنا ہاتھ پیشانی پر مارتے کہا کہ ایسا صدمہ کسی کو اٹھانا نہ پڑے،ذرائع کے مطابق ایاز امیر کے بیٹے نے اہلیہ کو گھریلو ناچاقی پرقتل کیا، پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق مقتولہ کےسر، ماتھے اوربازوؤں پرزخم کےنشانات ہیں، خاتون ڈاکٹر نے سارہ کی لاش کا مکمل معائنہ کیا، مختلف ایکسرے بھی کیے گئے،ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ مقتولہ کی لاش پولیس کلینک کے سرد خانے میں رکھوا دی گئی، پولیس کے مطابق مقتولہ کی میت کے نمونے فارنزک کیلئے بھجوائے جانے کے بعد لواحقین کے حوالے کی جائے گی اور مقتولہ کے خاندان والوں سے کینیڈا میں رابطہ کیا جارہا ہے۔