دکھ کی گھڑی میں پاکستان کو تنہانہیں چھوڑیں گے، سعودی سفیر

September 24, 2022

اسلام آباد(محمد صالح ظافر)پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی نے پاکستان اور اس کے عوام کو یقین دہانی کرائی ہے کہ ان کا ملک اور سعودی قیادت غیرمعمولی سیلاب سے پیدابدترین بحران اور دکھ کی گھڑی میں برادرملک کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سعودی عرب کے 92ویں قومی دن کے موقع پر اپنی طرف سے دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی تقریب کے مہمان خصوصی تھے ۔استقبالئے میں تینوں مسلح افواج کے اعلیٰ حکام ‘اہم سیاسی اورسماجی رہنما ءاورملک کی اعلیٰ شخصیات شریک تھیں ۔ سعودی سفیر نےمملکت کے مختلف شعبوں میں میں کام کرنےو الے 27لاکھ پاکستانیوں کے کردارکوسراہا اوردونوں ممالک کے باہمی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ان کا کہنا تھاکہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین تجارتی حجم جوکہ اس وقت ایک ارب 87کروڑڈالر ہے ،میں اضافے کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے ۔تقریب کے شرکا ء نے سیلابی صورتحال ‘وزیراعظم شہبازشریف کے دورہ اقوام متحدہ اور سیلاب سے ہونیوالی تباہی کے باجود تحریک انصاف اور اس کے چیئرمین عمران خان کی احتجاجی سیاست پر تبادلہ خیال کیا۔شرکاءنے چند تقرریوں کے حوالے سے پیشرفت اور اس ضمن میں عمران خان کے غیرمعقول رویے پر بھی بات چیت کی ۔اس موقع پر مولانا اویس نورانی نے سعودی سفیر کو دورہ کراچی کی دعوت دی جوانہوں نے قبول کرلی ۔علامہ طاہر اشرفی نے تلوار تھام کر سعودی عرب کے روایتی رقص میں حصہ لیا۔