کاشتکاروں کو ریلیف دینا سندھ حکومت کی اولین ترجیح ہے، شرجیل میمن

September 24, 2022

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کاشتکاروں کو ریلیف فراہم کرنا سندھ حکومت کی اولین ترجیح ہے ، تاکہ کاشتکار آئندہ فصل لگا سکیں۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ 40 لاکھ 70 ہزار 614 قابل کاشت اراضی میں سے 37 لاکھ 73 ہزار 707 ایکڑ اراضی پر کھڑی فصلیں حالیہ بارشوں سے تباہ ہوئی ہیں۔ سندھ حکومت نے کاشتکاروں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے گندم کی آئندہ سال سپورٹ پرائس 4000 روپے فی کلو گرام مقرر کی ہے۔اس کے علاوہ زرعی قرضوں کی وصولی کو مؤخر کرنے کے لیے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے نقصانات کا درست ڈیٹا جمع کرنے کے لیے کمیٹیاں تشکیل دے دی ہیں ، جو کہ آئندہ پیر سے اپنے سروے کا آغاز کریں گی۔ شرجیل میمن نے کہا کہ دریائے سندھ میں دو بیراجوں پر پانی 1 لاکھ کیوسک سے نیچے آگیا ہے۔