پاکستان میں سیلاب زدہ علاقوں کیلئے عالمی بینک کا اقدام

September 25, 2022

اسلام آباد (مہتاب حیدر) پاکستان میں سیلاب زدہ علاقوں کیلئے عالمی بینک کا اقدام ، رکھے گئے موجودہ وسائل سے 2 ارب ڈالر کی رقم کے نئے استعمال کا اعلان۔ تفصیلات کے مطابق عالمی بینک نے پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے لیے موجودہ وسائل کے لفافے سے 2 ارب ڈالر کی رقم کے نئے استعمال کا اعلان کیا ہے۔ ڈبلیو بی کے مطابق جنوبی ایشیا کے لیے عالمی بینک کے نئے نائب صدر مارٹن رائزر کی جانب سےان کا پاکستان کا پہلا سرکاری دورہ اختتام کو پہنچا اور انہوں نے تباہ کن سیلاب کے تناظر میں پاکستانی عوام کی مدد کے لیے بینک کے عزم کا اعادہ کیا۔ مارٹن رائزر نے کہا کہ تباہ کن سیلاب کی وجہ سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر ہمیں بہت دکھ ہے اور ہم سب سے زیادہ متاثر ہونے والوں کو فوری ریلیف فراہم کرنے کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔ اپنے دو روزہ دورے کے دوران رائزر نے اقتصادی امور ڈویژن کے وزیر ایاز صادق، وزیر خزانہ اور محصولات مفتاح اسماعیل، وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات عائشہ غوث پاشا، منصوبہ بندی و ترقی اور خصوصی اقدامات کے وزیر احسن اقبال اور وزیر توانائی خرم دستگیر سے ملاقات کی۔ انہوں نے گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان جمیل احمد، چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل اختر نواز کے علاوہ تھنک ٹینکس اور نجی شعبے کے نمائندوں سے بھی ملاقات کی۔ ان ملاقاتوں میں رائزر نے پاکستان میں سیلاب کے اثرات اور عالمی بینک کے تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ رائزر کا کہنا تھا کہ فوری ردعمل کے طور پر ہم صحت، خوراک، پناہ گاہ، بحالی اور نقد رقم کی منتقلی میں فوری ضروریات کو پورا کرنے کے لیے موجودہ عالمی بینک کی مالی اعانت سے چلنے والے منصوبوں سے فنڈز کا نیا استعمال کررہے ہیں۔ اس کے علاوہ ہم وفاقی اور صوبائی حکام کے ساتھ مل کر تعمیر نو اور بحالی کا کام تیزی سے شروع کرنے کے لیے ہنگامی کارروائیوں کی تیاری کر رہے ہیں تاکہ انفرااسٹرکچر کی تعمیر نو یا مرمت، رہائش اور معاش کی بحالی اور پاکستان کی آب و ہوا سے متعلق خطرات کے خلاف لچک کو مضبوط بنانے میں مدد کی جاسکے۔ ہم اس مقصد کے لیے تقریباً 2 ارب امریکی ڈالر کی فنانسنگ کا تصور کر رہے ہیں۔