امریکا میں تیل کے اسٹرٹیجک ذخائر 40؍ سال کی کم ترین سطح پر

September 25, 2022

کراچی (نیوز ڈیسک) امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے سرکاری محکمے انرجی انفارمیشن ایڈمنسٹریشن (EIA) کے ہفتہ وار اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ امریکا میں پٹرولیم کے اسٹریٹجک ذخائر (SPRs) اپنی کم ترین سطح پر آ گئے ہیں جو 40؍ سال میں پہلی مرتبہ ہوا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 16 ستمبر کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران خام تیل کی مقدار تقریباً 70؍ لاکھ بیرل کی کمی ہوئی، اور مجموعی ذخائر اس کمی کے بعد 427.2؍ ملین (42؍ کروڑ 72؍ لاکھ) تک جا پہنچے ہیں۔ یہ 1984 کے بعد سب سے کم ترین سطح ہے۔ 1983 کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ اسٹریٹجک ذخائر میں کمرشل ذخائر کے مقابلے میں کم تیل ہے۔ 16 ستمبر تک کمرشل ذخائر میں 430.8؍ ملین (43؍ کروڑ سے زائد) بیرل تیل موجود تھا۔ اس سے قبل صدر جو بائیڈن نے اعلان کیا کہ مارچ کے آخر میں ایس پی آر سے ریکارڈ 180 ملین بیرل خام تیل جاری کیا جائے گا تاکہ ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور عالمی منڈی میں یوکرین تنازع کی وجہ سے روسی تیل کی برآمدات کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال کے باعث مارکیٹ میں پیدا ہونے والے خلل کا مقابلہ کیا جائے گا۔