کے الیکٹرک پر ہمارے واجبات 177؍ ارب روپے ہوچکے، سوئی سدرن

September 25, 2022

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سوئی سدرن گیس کمپنی ( ایس ایس جی سی ) نے کہا ہے کہ کے۔الیکٹرک پر ہمارے واجبات 177.56 ارب روپے ہو چکے ہیں ،، سوئی سدرن کراچی کے شہریوں کی سہولت اور مفاد میں بہترین کوششوں کی بنیاد پر کے الیکٹرک کو گیس/ آر ایل این جی فراہم کرنے کی کوشش کر رہا ہے،ایس ایس جی سی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک31اگست تک ہمارے153.02ارب روپے اور آر ایل این جی کی مد میں 24.54ارب روپے کا نادہندہ ہے۔ ترجمان نے کہا ہے کہ سوئی سدرن گیس کا کے الیکٹرک کے ساتھ موجودہ گیس سیلز ایگریمنٹ (جی ایس اے)صرف 10ایم ایم سی ایف ڈی گیس کے لیے ہے جس پر 1978میں دستخط کیے گئے تھے، اس معاہدے کے تناظر میں ادارہ کے الیکٹرک کو اس سے زیادہ گیس فراہم کرنے کا پابند نہیں ہے۔ترجمان نے کہا کہ گزشتہ تین سال کے دوران سوئی سدرن کو قدرتی گیس کی دستیابی میں 26 سے 27 فیصد تک کمی واقع ہوئی ہے۔