سینئر صحافی ایاز امیر کے بیٹے کے ہاتھوں بیوی کے قتل کیس میں نئی پیشرفت

September 25, 2022

اسلام آباد ، راولپنڈی (خصوصی رپورٹ، اسٹاف رپورٹر،ٹی وی رپورٹ) سینئر صحافی ایاز امیر کے بیٹے کے ہاتھوں بیوی کے قتل کیس میں نئی پیشرفت سامنے آئی ہے ، مقتولہ کے چچا نے ایاز امیر اور انکی سابقہ اہلیہ پر سارہ کے قتل کا الزام لگا دیا ہے،ادھر جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن چشتی نے بیوی کو قتل کیس میں گرفتار شاہنواز امیر کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرتے ہوئے اسکے والد ایاز میر اور انکی اہلیہ کے بھی وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے جس کے بعد صحافی ایاز امیر کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔ ہفتہ کو سماعت کے دوران تھانہ شہزاد ٹاؤن پولیس نے گرفتار شاہنواز کو عدالت پیش کیا، عدالت نے استفسار کیا کہ شاہنواز کون ہےاور آپ کو کب گرفتار کیاگیا ؟ ، جس پر شاہنواز نے بتایا کہ جمعہ کی صبح گرفتار کیا گیا ، تفتیشی افسر نے کہا کہ شاہنواز نے بے دردی سے اپنی اہلیہ کو قتل کیا ہے ، عدالت نے شاہنواز کے وکیل سے استفسار کیا کہ کچھ بولنا چاہتے ہیں، جس پر وکیل نے کہا کہ بلائنڈ مرڈر ہے ، پہلا ریمانڈ ہے کوئی اعتراض نہیں ہے ، بعدازاں عدالت نے ملزم شاہنواز کے جسمانی ریمانڈ کا تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے پولیس کو ملزم کا ریمانڈ شروع اور ختم ہونے پر میڈیکل کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس مقررہ وقت میں تفتیش مکمل کرے اور ملزم کو 26 ستمبر کو دوبارہ پیش کیا جا ئے،علاو ہ ازیں ٹی وی رپورٹ کےمطابق شاہنواز اور اسکی مقتولہ بیوی سارہ کے درمیان لڑائی کی وجوہات سامنے آگئیں،تفتیشی ذرائع کے مطابق ملزم شاہنواز نے اپنی اہلیہ کو اپنی دیگر 2 شادیوں کے بارے میں نہیں بتایا تھا، ملزم اپنی بیوی سارہ سے حیلے بہانوں سے پیسے منگواتا تھا،پاکستان پہنچنے پر مقتولہ سارہ نے اپنے لیے ایک گاڑی خریدی تھی، ملزم نے دھوکے سےگاڑی اپنے نام کرائی جس پر سارہ سے تکرار ہوئی،سارہ نے اپنے دیےگئے پیسوں کا تقاضہ کیا اورگاڑی بھی فوری طور پر اپنے نام کرانےکا کہا جس پر ملزم شاہنواز نے طیش میں آکر اہلیہ سارہ کو قتل کردیا ،سارہ نے اپنی شادی سے متعلق کینیڈا میں مقیم والدین کو کچھ نہیں بتایا تھا، مقتولہ سارہ کے پاس کینیڈا کی شہریت تھی،علاوہ ازیں تفتیشی ذرائع نے مزید بتایا ہےکہ مقتولہ سارہ کے چچا کرنل (ر) اکرام اور ضیا الرحیم نے بھتیجی کے قتل کا الزام ایاز امیر اور ان کی سابق اہلیہ پر عائد کیاہے، ان کا کہنا تھا کہ ایاز امیر اور ان کی سابق اہلیہ نے بھتیجی سارہ کو قتل کرایا۔ادھرایس ایچ او تھانہ شہزادٹاؤن کی مدعیت میں ایازامیرکے بیٹے کے خلاف اپنی بیوی کوقتل کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کرلیاگیا۔