کورنا ویکسی نیشن، کراچی اور حیدر آباد میں والدین کا انکار

September 25, 2022

کراچی (بابر علی اعوان / اسٹاف رپورٹر) کراچی اور حیدرآباد میں جاری بچوں کی کورونا ویکسی نیشن مہم میں بڑی تعداد میں والدین کی جانب سے انکار کرنے کے کیسز سامنے آرہے ہیں۔ محکمہ صحت سندھ سے حاصل کردہ اعدادوشمار کے مطابق مہم کے 5 دنوں کے دوران کراچی اور حیدرآباد میں اب تک 1 لاکھ 43 ہزار 900 انکاری کیسز سامنے آئے ہیں۔ 89 ہزار 816 بچے اسکولوں میں موجود نہیں تھے جبکہ 26 ہزار 467 بچے بیمار تھے جنہیں ویکسین نہیں لگائی گئی۔ اعداد وشمار کے مطابق سب سے زیادہ 41 ہزار 478 انکاری کیسز ضلع شرقی سے سامنے آئے۔ ضلع وسطی سے 22 ہزار 96، ضلع کیماڑی سے 19 ہزار 862، ضلع غربی سے 14 ہزار 996، ضلع کورنگی سے 13 ہزار 401، ضلع ملیر سے 10 ہزار 746، ضلع جنوبی سے 10 ہزار 612 جبکہ حیدرآباد سے 10 ہزار 709 انکاری کیسز سامنے آئے۔ اعدادوشمار کے مطابق 5 سے 11 سال کے 19 لاکھ 57 ہزار 997 بچوں کو کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگائی جاچکی ہے۔