قومی ٹیم کا 200واں ٹی 20، کھلاڑیوں نے جذبات بتادیے

September 25, 2022

فوٹو: فائل

قومی کرکٹ ٹیم کے 200 ٹی ٹوئنٹی میچز کے موقع پر قومی ٹیم سے وابستہ کھلاڑیوں نے اپنے جذبات کا اظہار کردیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اس تاریخی موقع کے حوالے سے شاداب خان، محمد نواز اور دیگر کھلاڑیوں کے خیالات پر مبنی ویڈیو جاری کی۔

نائب کپتان شاداب خان نے قومی ٹیم کی ٹی 20 تاریخ کے قابل فخر لمحات کا ذکر کیا اور کہا کہ ورلڈ کپ ٹی 20 میں بھارت کو شکست دینا ان کا یادگار لمحہ تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم دنیا کی پہلی ٹیم ہے جو اپنا 200 واں میچ کھیلے گی، مختصر دورانیے کا یہ فارمنٹ دلچسپ اور انٹرٹینگ ہے۔

شاداب خان نے یہ بھی کہا کہ پہلے ٹیسٹ اور پھر ون ڈے کرکٹ ہوتی تھی، ٹی 20 جیسی تیز کرکٹ میں بھی پاکستان نے نمایاں کارکردگی دکھائی ہے۔

بولنگ آل راؤنڈر محمد نواز نے اپنے پیغام میں کہا کہ ایشیا کپ میں پاک بھارت میچ، جس میں وہ مین آف دی میچ تھے، میرے لیے ٹی 20 کرکٹ کا یادگار لمحہ ہے۔

شاہنواز دہانی نے کہا کہ میں گزشتہ 2، 3 سال سے قومی ٹیم کے ساتھ ہوں، ٹی 20 کرکٹ میں میرے لیے یاد گار لمحہ ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف میچ کھیلنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس مقابلے میں ہم نے تاریخ رقم کی تھی، جو میں کبھی نہیں بھول سکتا ہوں۔

نوجوان بلے باز حیدر علی نے کہا کہ ٹی 20 فارمیٹ چیلنجنگ ہے، زندگی کا یاد گار لمحہ وہ تھا جب میں نے پہلی ففٹی بنائی تھی۔

محمد حسنین نے کراچی میں انگلینڈ کے خلاف ٹی 20 میں 10 وکٹ سے کامیابی کو زندگی میں ہمیشہ یاد رہنے والا لمحہ قرار دیا۔

2006 میں پہلا ٹی ٹوئنٹی کھیلنے والی پاکستان ٹیم کا حصہ رہنے والے محمد یوسف نے کہا کہ ہمارے لیے اُس وقت یہ فارمیٹ بالکل نیا تھا، ہمیں اس کا کوئی تجربہ بھی نہیں تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹی 20 کرکٹ کے حوالے سے ماضی میں یا حال میں قومی ٹیم سے کھیلنے والے کرکٹر کامیاب ہو رہے ہیں، بابر اور رضوان کی کارکردگی اس کی ایک مثال ہے۔