کوئٹہ: دوسرا آل پاکستان سی ایم بلوچستان ڈائمنڈ جوبلی ہاکی گولڈکپ شروع

September 25, 2022

فوٹو: فائل

کوئٹہ میں دوسرے آل پاکستان وزیراعلیٰ بلوچستان ڈائمنڈ جوبلی ہاکی گولڈ کپ کا آغاز ہوگیا۔

ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب ایوب اسپورٹس کمپلیکس کے ہاکی گراؤنڈ میں منعقد ہوئی، ایونٹ میں ملک بھر سے 11 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔

کھیلوں کے فروغ کے لیے حکومت بلوچستان کی ایک اور مثبت کاوش سامنے آگئی۔

کوئٹہ میں ملکی سطح پر فٹبال ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد کے بعد اب ہاکی کا میدان بھی سجا دیا۔

چیف سیکریٹری عبدالعزیز عقیلی نے ہاکی گراؤنڈ میں دوسرے آل پاکستان وزیراعلیٰ بلوچستان ڈائمنڈ جوبلی ہاکی گولڈکپ کا افتتاح کیا۔

چیف سیکریٹری نے اعلان کیا کہ ٹورنامنٹ جیتنے والی ٹیم کو 15 لاکھ، رنراپ ٹیم کو 10 لاکھ اور تیسرے نمبر پر آنے والی ٹیم کو 5 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔

ٹورنامنٹ میں چاروں صوبوں، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد سمیت ملک بھر سے ہاکی کی 11 ٹیمیں حصہ لے رہی ہی۔

ایونٹ میں شریک کھلاڑیوں نے ہاکی کے فروغ کے لیے اٹھائے گئے اس اقدام کو سراہا ہے۔