پاک انگلینڈ میچ کا جعلی ٹکٹ بیچنے والا شخص گرفتار

September 25, 2022

فائل فوٹو

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں پاکستان اور انگلینڈ کے مابین ٹی 20 سیریز کے چوتھے میچ کے موقع پر شائقین کو جعلی ٹکٹ فروخت کرنے والے ملزم کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔

ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) پولیس ایسٹ مقدس حیدر کے مطابق انگلینڈ اور پاکستان کے مابین ٹی 20 سیریز کے چوتھے میچ کے دوران نیشنل اسٹیڈیم کے گیٹ پر درجن سے زائد ایسے شائقین آئے، جن کے پاس ٹکٹ جعلی تھے۔

ان افراد کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی گئی تو نیشنل اسٹیڈیم کے قریب ہی ایک ایسے شخص کی نشاندہی ہوئی، جو ٹکٹ بیچ رہا تھا۔

مقدس حیدر کے مطابق ملزم سودھیش رضا کو فوری طور پر گرفتار کر لیا گیا ہے، جس سے نیشنل اسٹیڈیم میں جاری ٹی ٹوئنٹی سیریز کے چوتھے میچ کے 19 جعلی ٹکٹ برآمد ہوئے۔

عزیز بھٹی تھانے کے ایس ایچ او عدیل افضال کے مطابق ملزم سودھیش رضا کے خلاف تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 420 کے تحت ایف آئی آر نمبر 206 درج کرلی گئی ہے جبکہ جعلی ٹکٹ رکھنے والے شائقین کو پوچھ گچھ کے بعد چھوڑ دیا گیا۔