ڈاکوؤں نے ایک اور شہری کی جان لے لی

September 26, 2022

کراچی( اسٹاف رپورٹر )ڈاکوئوں نے ایک اور شہری کی جان لے لی،اورنگی ٹاؤن میں ڈکیتی مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے نوجوان جاں بحق ہو گیا ۔تفصیلات کے مطابق اقبال مارکیٹ تھانے کی حدود اورنگی ٹاؤن رئیس امروہوی کالونی مقدس لان کے قریب ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا جسکی لاش کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اسکی شناخت 32سالہ اسماعیل ولد حاجی محمد کے نام سے ہوئی۔ ایس ایچ او سلیم خان کے مطابق مقتول مذکورہ مقام پر ٹھیلے پر بیٹھا پلائو کھا رہا تھا کہ اس دوران دو ڈاکو پہنچ گئے اور انہوں نے شہریوں سے لوٹ مار شروع کر دی،انہوں نے بتایا کہ مقتول نے ایک ڈاکو کا پستول قبضے میں لے لیا،اسی دوران دوسرے ڈاکو نے اس پر فائرنگ کر دی جسکے نتیجے میں وہ جاں بحق ہو گیا ،واقعہ کے بعد ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ،مقتول رئیس امروہی کالونی کا ہی رہائشی اور کنفیکشنری آئٹمز کا سیلز مین تھا۔واضح رہے کہ رواں برس ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 60 سے زائد شہری جاں بحق اور سینکڑوں زخمی ہو چکے ہیں،کراچی پولیس چیف کی جانب سے بنائی گئی شاہین فورس سمیت پولیس کے یونٹس ڈاکوؤں پر قابو پانے میں ناکام نظر آتے ہیں۔