عمران خان نے پارٹی کے تنظیمی امور میں بھی یوٹرن لے لیا

September 26, 2022

اسلام آباد ( تبصرہ رانا غلام قادر )عمران خان نے تحریک انصاف کے تنظیمی امور میں بھی یو ٹرن لے لیا ہے اور مشاورتی ٹیم بدل لی ہے۔ انہوں نے نئی د س رکنی مشاورتی کو نسل تشکیل دے کر ان لوگوں کو صف اول میں شامل کرلیا ہے جنہیں ماضی میں نظر انداز کیا گیا۔

اس اقدام سے پی ٹی آئی میں تبدیلی کا عمل شروع ہوگیا اور عمران خان نے پارٹی کے اُن رہنماؤں کو پھر سے اپنی مشاورت پر مامور کردیا ہے جو پارٹی کی پالیسیوں اور مختلف رہنماؤں کے آنے سمیت دیگر اختلافات پر ماضی میں پارٹی سےسائیڈ لا ئن کر دیے گئےتھے۔

عمران خان کی تشکیل کردہ 10 رکنی ایڈوائزری کونسل میں ایسے نام بھی ہیں جن پر یہ الزام لگایا گیا تھا کہ یہ پی ٹی آئی کے نام پر بے نامی اکاؤنٹس چلاتے تھے جن میں کروڑوں روپے کی رقم آئی۔

عمران خان کے دستخطوں سےجاری نوٹیفکیشن کے مطابق چیئرمین عمران خان نے 10 رکنی پارٹی ایڈوائزری کونسل بنائی ہے جس کے چیئرپرسن حامد خان ہوں گے۔ ایڈوائزری کونسل کے ارکان میں روف حسن، نجیب ہارون، ارشد داد ، جمال انصاری، خالد مسعود، سلیم جان ، یعقوب اظہار، تسنیم نورانی اور بختیار قصوری شامل ہیں۔

یہ ایڈوائزری کونسل اہم قومی ایشوز پر پارٹی چیئرمین کو اپنی رائے اور سفارشات پیش کرے گی۔ حامد خان ملک کے معروف قانون دان، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر اور پی ٹی آئی کے بانی راہنما ہیں۔ حامد خان نے عمران خان سے سیاسی اختلافات اور مختلف ناپسندیدہ افراد کی پارٹی میں شمولیت پر شدید ناراضگی کا اظہارکیا تھا اور ماضی میں وہ پارٹی پر کئی سنگین الزامات بھی عائد کرچکے ہیں۔

ان کا سب سے بڑا الزام یہ تھا کہ پی ٹی آئی اسٹیبلشمنٹ کی جماعت بن چکی ہے اور اپنے بنیادی نظریے اور اغراض ومقاصد سے ہٹ چکی ہے۔ ساتھ ساتھ ہی انہوں نے جہانگیر ترین،علیم خان پربھی سنگین الزامات لگائے کہ یہ پارٹی پر قبضہ کرنے کیلئے آئے تھے۔

ذرائع کے مطابق حامد خان کی پی ٹی آئی میں واپسی میں پی ٹی آئی کے سینئر وائس چئیرمین شاہ محمود قریشی نے اہم اور پُل کا کردار ادا کیا ہے۔ ذرائع کا یہ بھی دعوی ہے کہ حامد خان کی اہم پارٹی پو زیشن پر واپسی سے اوپننگ بیٹسمین فواد چوہدری کی پو زیشن غیر اہم ہو جا ئے گی۔

فواد چوہدری کھلے عام حامد خان پر تنقید کرچکے ہیں اور اب ایک میان میں دو تلواروں کا رہنا مشکل ہو جا ئے گا۔ پرویز خٹک اور اسدعمر کی اہمیت بھی کم ہو گی۔ حامد خان اپنی کتاب میں فواد چوہدری پر سنگین الزام لگاچکے ہیں اور ایک پروگرام میں سوال پوچھنے پر اس کی تصدیق بھی کرچکے ہیں۔

روف حسن بھی پارٹی کے دیرینہ اور عمران خان کے قریبی ساتھیوں میں شمار ہوتے ہیں۔ روف حسن نے شوکت خانم کیلئے میڈیا کمپین بھی کی تھی۔ وہ پارٹی کے انتخابات میں الیکشن کمشنر حامد خان کے ساتھ سیکرٹری الیکشن کمشنر کے طورپر بھی کام کرچکے ہیں۔ انجینئر نجیب ہارون بھی پارٹی کے دیرینہ رہنما ہیں ۔ وہ پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر کراچی سے ایم این اے بھی منتخب ہوئے۔ ارشد داد پارٹی کے دیرینہ راہنما ہیں، وہ قبل ازیں پارٹی کے سیکرٹری جنرل بھی رہ چکے ہیں۔