کرکٹ اسٹیڈیم میں جعلی ٹکٹ فروخت کرنے والا گرفتار

September 26, 2022

کراچی (نصر اقبال،افضل ندیم ڈوگر )کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں پاکستان اور انگلینڈ کے مابین ٹی ٹونٹی سیریز کے چوتھے اور آخری میچ کے موقع پر شائقین کو جعلی ٹکٹ فروخت کرنے والے ملزم کو پولیس نے گرفتار کر لیا، جس کے قبضے سے 19جعلی ٹکٹ برآمد ہوئے مقدمہ درج کر لیا گیا۔ ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس ایسٹ مقدس حیدر کے مطابق انگلینڈ اور پاکستان کے مابین ٹی ٹوئنٹی سیریز کے چوتھے میچ کے دوران نیشنل اسٹیڈیم کے گیٹ پر درجن سے زائد ایسے شائقین کو حراست میں لیا گیا جن کے پاس ٹکٹ جعلی تھے۔ ان افراد سے پوچھ گچھ کی گئی تو نیشنل اسٹیڈیم کے قریب ہی ایک ایسے شخص کی نشاندہی ہوئی جو ٹکٹ بیچ رہا تھا۔ مقدس حیدر کے مطابق ملزم سودھیش رضا کو فوری طور پر گرفتار کر لیا گیا۔ ملزم کے قبضے سے نیشنل اسٹیڈیم میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کے چوتھے روز کے میچ کے 19 جعلی ٹکٹ برآمد ہوئے۔ عزیز بھٹی تھانے کے ایس ایچ او عدیل افضال کے مطابق ملزم سودھیش رضا کے خلاف تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 420 کے تحت ایف آئی آر نمبر 206/22 درج کرلی گئی ہے۔ جعلی ٹکٹ رکھنے والے شائقین کو پوچھ گچھ کے بعد چھوڑ دیا گیا۔